یواین آئی
مارلو؍؍ شرمیلا دیوی اور گرجیت کور کے آخری کوارٹر میں کئے گئے گولوں کی بدولت ہندستانی خاتون ہاکی ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز میں شاندار آغاز کرتے ہوئے برطانیہ کے خلاف 2-1 کی جیت اپنے نام کر لی ہے ۔ اسی کے ساتھ اس نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ میچ کے پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں رہی۔ دونوں ہی ٹیموں نے کافی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن بورڈ پر گول درج نہیں کر سکیں۔ میچ کے دوسرے کوارٹر میں ہندستان نے کافی کنٹرول دکھایا اور کئی پنالٹی حاصل کیں ۔ اوپننگ منٹ میں پنالٹی پر اپوزیشن کھلاڑی میڈی ھچ نے دفاع کر لیا۔ اس کے بعد برطانیہ کو ملی پنالٹی پر ہندستانی گول کیپر سویتا نے کمال کا دفاع کر مخالف ٹیم کو گول کرنے سے روکا۔ میچ کا ہاف بغیر گول ڈرا پر ختم ہوا۔ اس کے بعد تیسرے کوارٹر میں ہندوستان نے سرکل میں گھسنے کے کئی کوششیں کیں ۔ برطانیہ کا ڈیفنس اگرچہ کافی مضبوط رہا اور ہندستانی خواتین کوئی گول نہیں کر سکیں۔ فائنل کوارٹر میں گول کی خشک سالی برطانیہ نے ختم کی،ا یملی ڈیفراڈ نے 46 ویں منٹ میں گول کر ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی۔ ہندستان نے اس کے بعد دباؤ بنائے رکھا اور شرمیلا نے اچھا گول کر کے 1-1 سے اسکور برابر کرا دیا۔ میچ کے 48 سیکنڈ باقی رہتے گرجیت نے پنالٹی کارنر کو کامیاب کرتے ہوئے فاتح گول کر ہندستان کو 2-1 سے جیت دلا دی۔ ہندستان سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو کھیلے گا۔