’اضافی فورسز کی تعیناتی الیکشن کےلئے ہے‘
یواین آئی
سرینگربی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اضافی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی بے وجہ لوگوں کو خوف و دہشت میں مبتلا کررہے ہیں۔روینہ رینہ نے ہفتہ کے روز یہاں پارٹی کی ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا: ‘اضافی فورسز کی تعیناتی الیکشن کے لئے ہے۔ جموں وکشمیر میں آنے والے دنوں میں اسمبلی الیکشن ہونے والے ہیں۔ اس کے لئے ہمیں اضافی فورسز کی ضرورت ہے۔ عمر صاحب اور محبوبہ جی بے وجہ لوگوں کے اندر خوف و دہشت پیدا کررہے ہیں’۔ایک نامہ نگار کے سوال کہ ‘عام تاثر ہے کہ بی جے پی طاقت کے بلبوتے پر حکومت چلا رہی ہے’، کے جواب میں رویندر رینہ نے کہا: ‘طاقت کے بلبوتے پر حکومت اندرا جی نے چلائی تھی۔ تب جمہوریت کو مسمار کیا گیا تھا۔ ملک میں سب پیار اور عزت سے رہ رہے ہیں’۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے ریاستی حکومت کو بھیجے گئے ایک مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں سی آر پی ایف کی 50، بی ایس ایف کی 10 کمپنیاں، ایس ایس بی کی 30 کمپنیاں اور آئی ٹی بی پی کی 10 اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اضافی فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ کونٹر انسرجنسی گرڈ کو مضبوط بنانے اور لاءاینڈ آڈر کو یقینی بنانے کے لئے لیا گیا ہے۔