انتظامیہ موثر ڈرینیج سسٹم تعمیر کرنے میں ناکام ؛تمام سڑکیں زیرآب ،شہربناتالاب
یواین آئی
سرینگروادی کشمیر میں جمعرات کی صبح سے شروع ہوئی موسلا دھار بارشوں سے گزشتہ کئی روز سے جاری سخت گرمی سے لوگوں کو نجات بھی مل گئی اور راحت بھی نصیب ہوئی۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے دو دنوں کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔وادی میں گزشتہ کئی روز سے گرمی کی شدت میں ہورہے اضافے کے باعث لوگوں کا حال بے حال تھا اور لوگ گرمی سے بچنے کے لئے مختلف وسائل کی تلاش میں سرگرداں تھے کچھ لوگ سیاحتی مقامات کا رخ کررہے تھے تو بعض دن بھر گھروں کے اندر ہی رہنے میں عافیت سمجھتے تھے ۔بچوں کا کچھ زیادہ ہی خراب حال تھا وہ گرمی کی شدت سے راحت حاصل کرنے کے لئے دن میں بار بار نہاتے تھے ۔تاہم جمعرات کی صبح وادی میں موسلا دھار بارشیں شروع ہوئیں جس سے لوگوں کو بالعموم جبکہ بچوں کو بالخصوص جھلسا دینے والی گرمی سے راحت نصیب ہوئی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بارشیں عین اسی روز شروع ہوئیں جس دن وادی میں دس روزہ گرمائی تعطیلات کے بعد اسکول دوبارہ کھلنے تھے ۔اگر چہ عوامی حلقوں سے گرمائی چھٹیوں میں توسیع کا مطالبہ کیا جارہا تھا لیکن جمعرات کی صبح انتطامیہ کا چھٹیوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ صحیح ثابت ہوا جب رم جھم بارشوں نے اسکولوں میں اساتذہ اور بچوں کا استقبال کیا۔تاہم موسلا دھار بارشوں کی باعث پہلے دن اسکولوں میں بچوں کی حاضری بہت ہی کم درج ہوئی۔ادھرموسلا دھار بارشوں سے جہاں ایک طرف لوگوں کو گرمی کی شدت سے راحت نصیب ہوئی وہیں شہر سری نگر کے بیشتر علاقوں کی سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آنے سے لوگوں کے عبور ومرور میں مشکلات پیدا ہوئے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ شہر سری نگر کے لالچوک، ریگل چوک، جہانگیر چوک، مولانا آزاد روڑ، بابا ڈیمب، ہاﺅسنگ کالونی بمنہ کی سڑکیں زیر آب ہیں جہاں گاڑیوں کو چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان سڑکوں پر راہگیروں کا چلنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے ۔لالچوک کے ایک دکاندار نے بتایا کہ انتظامیہ موثر ڈرینیج سسٹم تعمیر کرنے میں ناکام ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں معمولی بوندا باندی سے سڑکیں زیر آب آجاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بارشوں نے سری نگر میونسپل کارپوریشن کے سری نگر میں بہتر ڈرینیج سٹم تعمیر کرنے کے دعووں کو بھی غلط ثابت کیا ہے ۔ادھر انتظامیہ نے شہر سری نگر میں پانی کی نکاسی کے لئے پمپوں کو متحرک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق سری نگر میں 80 نکاسی کے پمپوں اور 115 موبائیل مشینوں کو کام پر لگایا گیا ہے ۔