یواین آئی
سرینگرشمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان سماجی کارکن اور جموں کشمیر حق اطلاعات فا¶نڈیشن کے چیئرمین عرفان بانکا کو دبئی میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ایک کانفرنس میں شرکت کرنے کے لئے ایک نمائندہ کے بطور منتخب کیا گیا ہے۔بتادیں کہ ‘عرب یوتھ انٹر نیشنل ماڈل یونائیٹڈ نیشنز’ کے نام سے ہر سال ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر کے نوجوان لیڈر ایک میٹنگ سیشن میں بیٹھ کر اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں۔عرفان بانکا کو سال رواں کی کانفرنس میں شرکت کرنے کے لئے 5 ہزار4 سو 15 درخواست دہندگان میں سے منتخب کیا گیا ہے، کانفرنس کا انعقاد 19سے 22 ستمبر تک عرب امارات کے دارلخلافہ دبئی میں ہوگا۔کانفرنس میں نوجوان لیڈروں کو دنیا میں قیام امن کے لئے اور تبدیلی لانے کے لئے مذاکارت کو فروغ دینے کا بہتر موقعہ فراہم ہوگا۔عرب یوتھ انٹرنیشنل ماڈل یونائیٹڈ نیشنز نمائندوں کو ابھرتے ہوئے عالمی معاملوں پر بحث و مباحثہ کرنے اور دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قراردادیں ترتیب دینے اور ان لوگوں کے ساتھ تعاون کرنے جو دنیا میں تبدیلی لانے کے لئے مصروف عمل ہیں، پلیٹ فارم مہییا کرے گی۔عرفان بانکا نے کانفرنس میں شرکت کرنے کو اپنے لئے ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ‘یہ میرے لئے ایک بہترین موقعہ ہے اور میں انتہائی خوش ہوں’۔انہوں نے کہا کہ مجھے دنیا کے نوجوان لیڈروں کے ساتھ عالمی سطح کے مسائل کے سدباب کے لئے اپنے تجربے اور نظریات کو شیئر کرنے کا موقعہ ملے گا۔قابل ذکر ہے کہ عرفان بانکا ایک سماجی کارکن ہیں، انہوں نے سال 2016 میں سرکاری نوکری کو خیر باد کہہ کر انجینئرنگ کنسلٹنسی سروس قائم کی۔