عوام میں غم و غصہ، ڈپٹی کمشنر راجوری نے واقعے کی انکوائری کے احکامات صادر کئے
عمرارشدملک
راجوری پہاڑی ضلع راجوری میں محکمہ صحت کے ملازمین نے نامکتفی تیل ہونے کے نتیجے میں دردزہ میں مبتلا خاتون کو ایمبولینس فراہم کرنے سے انکار کیا گیا۔ ادھر واقعے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری نے معاملے سے متعلق انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں۔پہاڑی ضلع راجوری میں محکمہ صحت کی غفلت شعاری کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری نے معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں۔ معلوم ہو اکہ روبینہ اختر ساکن گبر بدھل کو دردزہ کی شکایت کے بعد پبلک ہیلتھ سنٹر بدھل منتقل کیا گیا۔ یہاں موجود ڈاکٹروں نے ابتدائی ملاحظہ کے بعد خاتون کو کنڈی ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تاہم خاتون کے رشتہ داروں کے مطابق وہ یہ دیکھ کر ششدر رہ گئے جب پبلک ہیلتھ سنٹر میں موجود ایمبولینس گاڑی کو فراہم کرنے سے انکار کیا گیا۔ رشتہ داروں نے بتایاکہ روبینہ جن کو سنیچر کو دردزہ کی شدید تکلیف محسوس ہوئی ، کو فوری طور پر پبلک ہیلتھ سنٹر بدھل منتقل کیا گیا تاہم یہاں محکمہ صحت سے وابستہ اہلکاروں نے روبینہ کا معائینہ کرنے کے بعد انہیں کنڈی ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ رشتہ داروں نے بتایا کہ جونہی ہم نے پی ایچ سی میں موجود ایمبولینس گاڑی کی خدمات فراہم کرنے کی گزارش کی تو ہمیں یہ کہہ کر انکار کردیا گیا کہ گاڑی میں تیل موجود نہیں ہے۔اس دوران رشتہ داروں نے دردزہ میں مبتلا خاتون کو پرائیویٹ گاڑی کے ذریعے کنڈی ہسپتال پہنچایا۔ اس دوران رشتہ داروں نے بتایا کہ پی ایچ سی بدھل میں محکمہ صحت کے اہلکاروں کے وطیرے سے ایک بار ضلع راجوری میں صحت کے حوالے سے سرکار کے بلند بانگ دعوے بے نقاب ہوگئے۔ادھرمحکمہ صحت کے اندرون ذرائع نے بتایا کہ بلاک میڈیکل آفیسر این ایچ ایم کنڈی کے اکاﺅنٹ میں روزمرہ کے خرچہ جات کو پورا کرنے کی غرض سے سرکار نے 29لاکھ روپے جمع کرائے ہیں لیکن آئے روز یہاں چھوٹے سے چھوٹے معاملات کو لے کر شعبہ صحت کی شبیہ دن بہ دن متاثر ہورہی ہے۔ادھر ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے واقعے سے متعلق اعلیٰ سطحی انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ بلاک میڈیکل آفیسر کو تنخواہ کو واگذار نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ میں جو بھی چیزیں سامنے آئیں گی اُن پر سختی سے کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔