پولیس کی منشیات مخالف کاروائی قابل ستائش : 6 افراد گرفتار
وسیم حیدری
پونچھ//ضلع پونچھ میں منشیات کی وجہ سے جہاں ماضی میں بے شمار اموات ہوئی ہیں وہیں حال کی اگر بات کی جائے تو ذرائع کے مطابق منشیات کے بڑھتے رجحان کی وجہ سے گزشتہ ایک ماہ میں ضلع پونچھ کے متعدد نوجوان افراد منشیات کا شکار ہو کر اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں جس کو لیکر پورے ضلع میں تشویش پائی جا رہی ہے ،اس حوالے سے پولیس نے دیر سے ہی سہی لیکن حرکت میں آکر جمعرات کو اس معاملہ کو سنجیدگی کے ساتھ لیتے ہوئے منشیات کا استعمال کرنے والوں اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں سے 4 ضلع پونچھ سے اور 2 ضلع جموں سے تعلق رکھنے والے ہیں – واضح رہے کہ گرفتار کردہ 6 افراد میں سے کچھ کے خلاف پہلے سے ہی ایسے عمل میں مقدمہ درج ہے اور ان میں سے کچھ کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے جس کی مکمل اطلاعات ابھی موصول نہیں ہوئی ہیں ۔واضح رہے کہ پونچھ میں منشیات کے بڑھتے رجحان کو لیکر پولیس اور سیول سوسائٹی کی میٹنگ بھی منعقد ہوئی تھی جس میں لوگوں نے پولیس سے منشیات سے جڑے لوگوں پر شکنجہ کسنے کی اپیل کی تھی اور فوراً ہی پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں کاروائی کی گئی اور 6 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔