یواین آئی
نئی دہلی مغربی بنگال کے آسنسول پارلیمانی حلقہ میں تشدد کے چھوٹے موٹے واقعات کو چھوڑ کر لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں 72سیٹوں پر پیر کو پولنگ پرامن رہی۔ شام چھ بجے تک موصولہ رپورٹ کے مطابق 60.55فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔لوک سبھا کی 72سیٹوں کے ساتھ ہی اوڈیشہ اسمبلی کی 42سیٹوں کے لئے بھی صبح سات بجے پولنگ شروع ہوئی۔ راجستھان، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں آج پولنگ کا پہلا مرحلہ ہے ۔ آسنسول میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار بابل سپریو کی کار پر ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے حملہ کیا اور شیشے توڑ دیئے ۔ اس کے علاوہ دیگر تمام پارلیمانی حلقوں سے اب تک کسی ناخوشگوار واقعہ کی رپورٹ نہیں ہے ۔صبح کے وقت پولنگ کی رفتار کافی سست تھی لیکن بعد میں اس میں تیزی آئی اور کئی مقامات پر رائے دہندگان کی طویل قطاریں بھی نظر آئیں۔ پہلے تین مرحلوں کی طرح مغربی بنگال میں چوتھے راونڈ میں پولنگ کی رفتار دیگر لوک سبھا حلقوں کے مقابلہ زیادہ رہی۔ یہاں آٹھ سیٹوں پر پولنگ ہوئی اور چھ بجے تک 76.59فیصد ووٹ ڈالے جاچکے ہیں۔جموں وکشمیر کی اننت ناگ سیٹ پر چھ بجے تک پولنگ کا اعداد و شمار دہائی تک نہیں پہنچ سکا۔ صرف 9.79فیصد رائے دہندگان نے ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔جھارکھنڈ میں 63.77اور بہار میں 57.95رائے دہندگان ووٹ ڈال چکے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 66.14، مہاراشٹر میں 52.84، اوڈیشہ میں 64.05، راجستھان میں 64.90اور اترپردیش میں 54.16فیصد پولنگ کی رپورٹ ہے ۔ممبئی میں صدی کے عظیم اداکار امیتابھ بچن نے بیو ی اوررکن پارلیمان جیہ بچن، بیٹے ابھیشیک بچن اور بہو ایشوریہ رائے بچن کے ساتھ جوہو میں واقع پولنگ مرکز پر جاکر ووٹ ڈالا۔ کرکٹ کے بھگوان کہے جانے والے سچن تندولکر نے باندرا کے پولنگ مرکز نمبر 203پر ووٹ ڈالا۔ ان کی بیوی انجلی تندولکر، بیٹی سارا تندولکر اور ارجن تندولکر نے بھی ووٹ ڈالے ۔ سچن کے بیٹے اور بیٹی پہلی بار رائے دہندہ بنے ہیں اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔اس کے علاوہ صنعت کار انل امبانی، پریش راول، مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کملناتھ، پونم مہاجن، اداکارہ ریکھا، ارملا ماتونڈکر اور بھوجپوری ادا کار اور گورکھپور سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار روی کشن بھی ووٹ ڈالنے والے اہم لوگوں میں شامل ہیں۔