بنک ملازمین سے اعلیٰ عہدیداروں کی پارٹی کیلئے چندہ دینے کی ہدایات!
یواین آئی
جموں؍؍جموں کشمیر کے ایک معروف بنک نے زبانی طور اپنے ملازموں خاص کر جن کی پرموشن ہوئی ہے ، سے اعلیٰ آفیسروں کے اعزاز میں پارٹی دینے کے لئے ایک اکاوئنٹ میں موٹی رقم جمع کرنے کی ہدایات دی ہیں۔بنک ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ بنک عہدیداروں خاص کر جن کی حال ہی میں پرموشن ہوئی ہے ، کو زبانی طور کہا گیا ہے کہ وہ بنک کی ایک شاخ میں کھولے گئے اکاوئنٹ رقم جمع کریں کیونکہ بنک کے اعلیٰ عہدیداروں کے اعزاز میں ایک پارٹی کا اہتمام کرنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پرموٹ ہوئے عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ بنک کی ایک شاخ میں پیسہ جمع کریں تاکہ مجوزہ پارٹی کے لئے انتظامات کو حمتی شکل دی جاسکے ۔ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے لئے مقام کا تعین طے پایا ہے جو سٹی کے مضافات میں واقع ہے اور پارٹی کا انعقاد ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین کے گریڈ کے مطابق چندہ رقم مقرر کی گئی ہے ، جن ملازمین کی ایک سے دو لیول کی پرموشن ہوئی ہے انہیں پانچ ہزار روپیہ دینے ہیں جن کی سطح دو سے تین ہے انہیں سات ہزار اور جو سطح تین سے پرموٹ ہوئے ہیں انہیں دس ہزار روپیہ اکوئنٹ میں جمع کرنے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ تاہم اس سلسلے میں کوئی تحریری حکمنامہ جاری نہیں ہوا ہے بلکہ بنک ملازمین کو یہ ہدایات زبانی طور دی گئی ہیں۔ایک اعلیٰ بنک عہدیدار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر یو این آئی کو بتایا ‘یہ زبانی حکمنامہ حیران کن ہے ، پرموشن ہمارا حق ہے تو پھر ہمیں یہ موٹی رقم کیوں دینی ہے ‘ ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اعلیٰ عہدیداروں کے لئے ایسی بڑی پارٹی کا اہتمام کرنا بھی ایک قسم کا رشوت ہی ہے ۔ملازمین نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی حرکتوں پر روک لگائیں کیونکہ یہ نہ صرف رشوت کے فروغ کا ایک ذریعہ ہیں بلکہ ریاستی خزانہ عامرہ پر بھی ایک غیر ضروری بوجھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنک کو ایسی پارٹیوں کے اہتمام کے لئے ایک مخصوص فنڈ رکھنا چاہئے ۔تاہم بنک کے رابطہ عامہ کے افسران اس معاملے پر بات کرنے کے لئے دستیاب نہیں تھے