ایک چھت کے نیچے تمام افسران کو دیکھنا ایک خواب بن کر رہ گیا:سول سوسائٹی
عارف قریشی
راجوری مقررہ وقت میں منی سیکٹریٹ راجوری کا کام مکمل نہ ہونے کو لیکر راجوری سول سوسائٹی کے ممبران نے یہاں اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منی سیکٹریٹ ابھی تشنہ تکمیل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک چھت کے سائے تلے عوامی مسائل کے ازالہ کیلئے منی سیکٹریٹ کا کام شروع ہوا تھا لیکن یہ ایک خواب بن کر رہ گیا ۔اسی سلسلہ میں ایک مقامی شخص نے کہا کہ گزشتہ مخلوط حکومت کے دوران سیاسی لیڈران کے مابین حالات کی وجہ سے تمام افسران کو ایک چھت کے نیچے دیکھنا یعنی منی سیکٹریٹ میں دفاتر کی منتقلی ایک خواب رہ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی بھاجپا اقتدار کے دوران اس کا سہرہ اپنے سر سجانے کی خاطر کئی مرتبہ سیکٹریٹ کی جگہ کو تبدیل کیا گیا ۔اسی ضمن میںسینئر این سی لیڈر شفقت میر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تیس لاکھ روپئے کی لاگت سے ستون اٹھائے گئے ہیں لیکن اب اس کام پر بھی بریک لگ چکی ہے ۔وہیں سول سوسائٹی ممبران نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کام کو تکمیل تک پہنچایا جائے جو جو سیاسی لیڈران کے بیچ ایک کھیل بن چکا ہے ۔