1411بنکروں کا تعمیری کام گزشتہ ایک ماہ میں شروع ہوا
عارف قریشی
راجوریمحکمہ دیہی ترقی کی جانب سے سرحدوں پر بنکروں کی تعمیر کے کام کا یہاں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد اشرف، ایگزکیوٹیو انجینئر آر ای ڈبلیو نور علی چوہدری ،آر ای ڈبلیو۔ دیہی ترقی اور محکمہ مال کے افسران موجود تھے۔وہیں ایگزکیوٹیو انجینئر آر ای ڈبلیو نور علی نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کل1892بنکروں کی تعمیر شامل ہے جن میں 1745انفرادی اور 147کمیونٹی بنکر ہیں جن میں سے محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے 1027بنکروں پر کام شروع کیا جا چکا ہے ۔اسی سلسلہ میں 384بنکروں پر راجوری اور نوشہرہ سب ڈویژن میں کام شروع کیا جا چکا ہے ۔واضح رہے سرحدی باشندگان کی جانب سے بنکروں کی تعمیر پر سست روی کو لیکر 1892بنکروں کی تعمیر کو آر اینڈ بی سے دیہی ترقی کے حوالے کیا اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک ماہ کے اندر 1411بنکروں کا تعمیری کام شروع ہوا ۔وہیں ضلع ترقیاتی کمشنر موصوف نے بلاک ڈیولپمنٹ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بنکروں کی جائے تعمیر کی شناخت کر کے جی آر ایس کو بنکروں کا انچارج بنایاجائے تاکہ بروقت کام مکمل کیا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بنکروں کی تعمیر کے سلسلہ میں محکمہ دیہی ترقی کو 35کروڑوپئے واگزار کیا جا چکے ہیں ۔