15 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام حلقوں کی 116 سیٹوں پر کئی قدآور رہنماؤں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ ہوگا
یواین آئی
نئی دہلی؍؍سات مرحلوں میں ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ 15 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام حلقوں کی 116 سیٹوں کے لیے گذشتہ روز صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی اڈیشہ اسمبلی کی 42 سیٹوں کے لیے بھی ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ اس مرحلے میں 13 ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے کئی قدآور رہنماؤں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ اس مرحلے میں سماجوادی پارٹی(ایس پی) کے بنیاد گزار ملائم سنگھ یادو، اعظم خاں، جیا پردہ، شیوپال سنگھ یادو، سنتوش گنگوار اور ورون گاندھی جیسے بڑے رہنماانتخابی میدان ہیں۔ لوک سبھا الیکشن کے اس مرحلے میں جن سیٹوں پر پولنگ ہوگی ان میں آسام کی چار، بہار کی پانچ، چھتیس گڑھ کی سات، گجرات کی تمام 26،گوا کی دو، جموں و کشمیر کی ایک، کرناٹک کی 14، کیرلا کی تمام 20، مہاراشٹر کی 14، اڈیشہ کی چھ، اترپردیش کی 10، مغربی بنگال کی پانچ،تریپورہ، دادرا اور نگر حویلی، دمن اینڈ دیو کی ایک ایک سیٹ شامل ہیں۔ مشرقی تریپورہ کی سیٹ پرووٹنگ دوسرے مرحلے میں ہونی تھی لیکن سکیورٹی کی وجوہات سے رد کر دی گئی تھی۔ جموں و کشمیر کے اننت ناگ لوک سبھا پارلیمانی حلقے کے لیے ایک حصے میں کل ووٹنگ ہوگی۔ اس سیٹ پر ووٹنگ تین مرحلوں، تیسرے چوتھے اور پانچویں مرحلے میں ہونا ہے ۔ مہاراشٹر میں بی جے پی، شیوسینا، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کانگریس کے قد آور رہنماؤں نے تشہیری مہم میں اپنے اپنے امیدواروں کے لیے رائے دہنگان سے ووٹ کرنے کی اپیل کی۔ تیسرے مرحلے کے الیکشن میں 249 امیدواروں کا مستقبل ای وی ایم میں قید ہوگا۔ وزیراعظم نریندر مودی احمد نگر اور ماڑھا لوک سبھا حلقوں میں انتخابی تشہیر کی۔ وہیں وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بھی مختلف حلقوں میں عوامی ریلیوں سے خطاب کیا۔تیسرے مرحلے میں اترپردیش کی کل 10 لوک سبھا سیٹوں مرادآباد، رام پور، سنبھل، فیروزآباد، مین پوری، ایٹہ، بدایوں، آنولہ، بریلی اور پیلی بھیت پر ووٹنگ ہوگی۔ گذشتہ عام انتخابات میں ان میں سے سات سیٹوں بی جے پی کی جھولی میں گئی تھیں جبکہ مین پوری، بدایوں اور فیروزآباد سیٹیں ایس پی کے کھاتے میں گئیں تھیں۔ بہار میں کھگڑیا، مادھے پور، سوپول، ارریہ اور جھانجھر پور سیٹ پر جبکہ چھتیس گڑھ سرگجا، رائے گڑھ، رائے پور، درگ، ولاس پور، کوربا اورجنجگیر۔چمپا سیٹ پر رائے شماری ہوگی۔اڈیشہ کی چھ لوک سبھاسیٹوں اورگذشتہ شام کو 42 اسمبلی سیٹوں کے لیے انتخابی تشہیر تھم گئی تھی۔ بی جے پی اور بیجوجنتادل سمیت کئی پارٹیوں کے رہنماؤں نے جم کر تشہیر کی۔ منگل کو سخت سکیورٹی کے درمیان بھونیشور، کٹک، پوری، سنبل پور، کیونجھر اور ڈھینکنال لوک سبھا سیٹوں اور اسمبلی کی 42 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ تیسرے مرحلے میں اہم امیدواروں میں بی جے ڈی کے بی مہتاب، پیناکی مشرا، اروپ پٹنائک، بی جے پی کے سنبت پاترا، پرکاش چندر مشرا اور اپراجتا سارنگی وغیرہ شامل ہیں۔