ساوجیاں حد متارکہ پر ہند و پاک افواج کے مابین گولہ باری کا تبادلہ

0
0

تین افراد زخمی : مقامی لوگوں میں خوف
لوگوں کے تحفظ کے لئے بینکروں کا قیام ضروری : عوام
وسیم حیدری/ظہیر عباس
منڈی//تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں چاپڑیاں میں عرصہ دراز کے بعد ایک بار پھر جمعہ کو ہند و پاک افواج کے مابین شدید گولہ باری کا تبادلہ کیا گیا جس میں تین افراد زخمی ہوئے اور متعدد مکانوں کو بھی نقصان پہنچا – اطلاعات کے مطابق ہند و پاک افواج کے مابین صبح گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا جس میں شبینہ اختر دختر ممتاز احمد ،تصویر بیگم دختر عبدالرشید اور محمد اسحاق ولد نور محمد زخمی ہوئے جن میں سے تصویر بیگم اور محمد اسحاق کو علاج و معالجہ کے لئے سب سینٹر ساوجیاں لے جایا گیا تھا جہاں ان کی حالت بہتر بتائی گئی – علاوہ ازیںشبینہ اختر دختر ممتاز احمد کو زخمی حالت میں ابتدائی علاج کے لئے سب ضلع ہسپتال منڈی لے جایا گیا جس کے بعد انہیں ضلع اسپتال پونچھ اور وہاں سے میڈیکل کالج جموں منتقل کر دیا گیا – اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایات پر تحصیلدار منڈی جاوید احمد نے شبینہ اختر دختر ممتاز احمد کو 5000 روپے کی فوری امداد بھی کی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے تینوں افراد کو مزید امداد فراہم کرنے کے لئے فائلیں تیار کی جا چکی ہیں – ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے حد متارکہ پر رہنے والے لوگوں کے لئے ایسے حالات میں ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی کوشش ہے – اس سلسلہ میں جب حد متارکہ کے لوگوں سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز کے بعد ہند وپاک افواج کے مابین اس سیکٹر میں گولہ باری کا تبادلہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ان میں نہایت خوف و ہراس ہے – ان کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے امن کی فضا میں سانس لینے کے بعد ایک دفعہ پھر مقامی لوگ خوف میں مبتلا ہوئے ہیں اور رہائشی علاقہ جات میں مکانات کا بھی نقصان ہوا ہے – ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس علاقہ میں بینکروں کا نام و نشان نہیں ہے جبکہ ہر بار یہ سنا جاتا ہے کہ ضلع کے حد متارکہ علاقہ جات کے لئے بینکر بنائیں جائیں گے لیکن زمینی سطح پر یہ بینکر کہیں دکھائی نہیں دے رہے – انہوں نے ہند و پاک حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد کے راستے کو چھوڑ امن و امان کو قائم رکھیں تاکہ یہاں کی عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے –

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا