کمسن بچی اور ایک عمر رسیدہ شخص ہلاک اور تین دیگر شدید زخمی
یواین آئی
جموںجموں کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے کھیلانی علاقے میں منگل کے روز ایک دلدوز سڑک حادثے میں ایک کمسن بچی اور ایک سن رسیدہ شخص جاں بحق جبکہ تین دیگر مسافر شدید زخمی ہوئے۔یو این آئی کوموصولہ اطلاعات کے مطابق ایک گاڑی جس میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد سوار تھے منگل کے روز جموں سے کشتواڑ جارہی تھی کہ دوڈہ سے قریب دس کلومیٹر دور بٹوٹ۔ کشتواڑ شاہراہ پر گاڑی سڑک سے لڑھک کر قریب ڈیڑھ سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی اور ایک سن رسیدہ شخص از جان جبکہ تین دیگرمسافر شدید زخمی ہوئے۔مہلوکین کی شناخت تابش بانو دختر ارشاد احمد اور لیاقت کمال ولد غلام علی ساکنان کشتواڑ جبکہ زخمیوں کی پہچان نضہت بیگم زوجہ ارشاد احمد اور اُس کی دو بیٹیاں زینب بانو اور بے بی ساکنان کشتواڑ کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثنا ایس پی ڈوڈہ رویندر پال سنگھ نے کہا کہ سبھی پانچ مسافروں کو علاج ومعالجے کے لئے ضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے دو مسافروں کو مُردہ قراردیا جبکہ تین دیگر زخمی زیر علاج ہیں۔انہوں نے کہا ‘شاید نیند کی کمی کی وجہ سے گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر کھائی میں جاگری’۔