کشتواڑ میں آر ایس ایس لیڈر کی ہلاکت

0
0

عمر، محبوبہ اور شاہ فیصل نے مذمت کی
یواین آئی

سری نگرجموں وکشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے ضلع کشتواڑ میں آر ایس ایس لیڈر اور ان کے ذاتی محافظ کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے مقامی لوگوں سے امن وامان بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے۔عمر عبداللہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ‘کشتواڑ میں چندرا کانت اور ان کے ذاتی محافظ کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ مقامی لوگ انتظامیہ کو اپنا تعاون دیں گے اور امن کو بنائے رکھیں گے’۔محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘میں اس حملے کی مذمت کرتی ہوں۔ یہ فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کا منصوبہ نظر آتا ہے۔ میں ریاستی گورنر سے مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ اس کی تحقیقات کرائیں اور کشتواڑ میں امن و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بنائے رکھنے کی اپیل جاری کریں’۔دریں اثنا سابق آئی اے ایس افسر اور جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر شاہ فیصل نے آر ایس ایس لیڈر اور ان کے ذاتی محافظ کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘کشتواڑ کے بہیمانہ حملے پر عدالتی تحقیقات ہونی چاہئے۔ اس حساس ضلع میں پارلیمانی انتخابات سے قبل مذہبی ہم آہنگی کے ماحول کو تتر بتر کرنے کی کوششوں کو شکست دی جانی چاہئے۔ میری دعائیں اس واقعے میں جان گنوانے والوں کے پسماندگان کے ساتھ ہیں’۔واضح رہے کہ ضلع اسپتال کشتواڑ میں منگل کو نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے آر ایس ایس لیڈر چندرا کانت سنگھ اور ان کے ذاتی محافظ راجندر کمار جاں بحق ہوئے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا