ےو اےن اےن
نیویارک // اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر برائے انسانی ہمدردی لائز گرینڈی نے یمن پر فضائی حملے میں 11 بے گناہ شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے تعزیتی بیان میں انہوںنے سوگوار خاندانوںکےساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کےلئے تمام تر کوششیں کی جانی چاہیے، اتوار کو فضائی حملے میں پانچ طلبہ سمیت 11افراد جاں بحق اور بڑی تعداد میںخواتین اور بچے زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا شہریوں کی جان و مال کی حفاظت عالمی قانون کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔ اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر برائے انسانی ہمدردی نے کہا کہ ہم دنیا میں خوراک کی قلت جیسے مسائل سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، جدید دور میں مختلف علاقوں میں ہیضہ جیسی بیماری المیہ ہے اور یہ صورتحال عالمی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔لائز گرینڈی نے کہا کہ ایسے لوگ کمزور اور ناتوانا ہیں جنہیں ہماری مدد اور ہمدردی کی ضرورت ہے جو لڑائی کے باعث اپنی جانوں سے محروم ہورہے ہیں۔ یمن میں حکومتی فوج اور باغی گروپوں کے درمیان لڑائی سے ملک تباہی کے دھانے پر پہنچ گیا ہے۔ 24 ملین آبادی کے ملک میں ہر پانچ میں سے چار یمنی شہریوں کو تحفظ اور انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ گزشتہ سال لڑائی میں ایک ہزار بچوں سمیت ہزاروں افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔