سیاسی جماعتوں کا الیکشن کمیشن کو تحفظات سے آگاہ کرنے کے بعد ریاستی حکومت کا تازہ فیصلہ
یواین آئی
سرینگرریاستی حکومت نے اہم سیاسی لیڈران اور کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطرتازہ فیصلے کے تحت 400افراد کی سیکورٹی کو بحال کیا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این این) کے مطابق ریاستی حکومت نے سوموار کو اُن 400سیاسی لیڈران اور کارکنان کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں کو دوبارہ بحال کیا ہے جن کی گزشتہ ماہ گورنر کی قیادت والی انتظامیہ نے سیکورٹی کو چھین لیا تھا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گورنر ستیہ پال ملک نے الیکشن کے پیش نظر گزشتہ ماہ جن سیاسی لیڈران ، کارکنان اور علیحدگی پسند لیڈران کی سیکورٹی کو واپس لیا تھا ، تازہ فیصلے کے تحت سوموار کو 400سیاسی لیڈران اور کارکنان کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں کو دوبارہ بحال کردیا۔ گورنر ستیہ پال ملک نے وادی کی تازہ سیاسی و سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آنے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر 400سیاسی لیڈران و کارکنان کی سیکورٹی کو دوبارہ بحال کردیا تاہم تازہ فیصلے میں علیحدگی پسند لیڈران کی سیکورٹی کو بحال نہیں کیا گیا ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گورنر ستیہ پال ملک کی طرف سے تازہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا جب ریاست کی جملہ سیاسی پارٹیوں نے سیاسی لیڈران و کارکنان کی سیکورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔گزشتہ دنوں مرکزی وزارت داخلہ نے بتایا کہ جموں وکشمیر کی حکومت نے 919سیاسی لیڈران، کارکنان اور علیحدگی پسندوں کی سیکورٹی پر مامور فورسزاہلکاروں کو واپس بلایا ہے۔مذکورہ رتعداد میں 22علیحدگی پسند لیڈران بھی شامل تھے جن کی سیکورٹی گزشتہ دنوں واپس لی گئی تھی۔