سرحدوں پر کشیدگی برقرار ،متصل علاقہ جات میں خوف و ہراس

0
0

عوام پریشان : دونوں ممالک سے انانیت چھوڑ امن قائم کرنے کی اپیل
وسیم حیدری
منڈی//ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ جات میں آئے روز ہند و پاک افواج کے مابین شدید گولہ باری کے تبادلے سے متصل گاو¿ں کے لوگ لگاتار نہایت دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں – آئے روز اس وجہ سے بے گناہ لوگوں کی جانیں تلف ہو رہی ہیں اور جو لوگ ابھی تک زندہ ہیں وہ بھی اس ڈر کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں کہ نہ جانے کب کوئی گولی یا بم ان کی زندگی پر موت کی مہر لگا دے لیکن ہند و پاک ممالک اپنی انانیت کو زندہ و جاوید رکھنے کے لئے اس بے مطلب جنگ کو لگاتار جاری رکھے ہیں اور ہتھیاروں کی رسائی کو اتنا بڑھا دیا گیا ہے رہائشی علاقوں میں اس گولہ باری کی وجہ سے ضلع بھر کے تمام سرحدی علاقوں پر 70 سے زائد مکانوں کو اس سے نقصان پہنچا ہے – سرحدی علاقہ جات میں رہنے والے لوگوں کی شدید مشکلات کو پیشِ نظر رکھ کر دونوں ممالک کو تو یہ چاہیے کہ وہ تشدد کے اس راستے کو چھوڑ امن کے راستے کو اختیار کریں اور بے گناہ لوگوں کو پر امن ماحول میں زندگی بسر کرنے کا موقع فراہم کریں – اطلاعات کے مطابق گزشتہ دنوں ضلع پونچھ کے شاہپور کیرنی قصبہ منکوٹ بلنوئی کرشنا گھاٹی دیگوار کھڑی کرماڑا سیکٹر میں بے تحاشا گولی باری سے جہاں متعدد افراد لقمہ اجل بنے وہیں 29 لوگ زخمی ہوئے جن میں ایک سب انسپیکٹر سمیت 5 فوجی اہلکاروں کے علاوہ 24 عام لوگ شامل ہیں – اس حوالے سے جب سرحدی علاقہ جات کے لوگوں سے بات چیت کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ دن رات وہ خوف و ہراس میں اپنی زندگی بسر کر رہے ہیں اور سرحدی علاقہ پر رہنے سے جہاں دیگر پریشانیوں کا سامنا کر رہے تھے وہیں موت کو بارہا اپنے سامنے دیکھ کر کسی وقت بھی بے موت مرنے کی پریشانی بھی اب دامن گیر ہے – واضح رہے سرحدی علاقوں میں بسے لوگوں کے لئے مرکزی سرکار کی جانب سے بینکر بنانے کی منظوری بھی دی گئی ہے لیکن ان بینکروں کو بنانے تک جتنے لوگ اپنی جان گنوائیں گے ان کی ذمہ داری کوئی نہیں لے رہا اور اس کے علاوہ ضلع پونچھ ہسپتال میں گزشتہ دنوں گولہ باری کے بعد منتقل کئے گئے لوگوں کے گھر والوں نے ضلع انتظامیہ کے خلاف بھی اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے ایسا کوئی معقول انتظام نہیں کیا گیا ہے جس سے کم سے کم کچھ لوگوں کی جانیں بچائی جا سکیں – ان کے مطابق ایمبولینس کی موجودگی اور محکمہ صحت کے عملے کی موجودگی ان کے لئے اشد ضروری ہے کیونکہ ان مواقع پر دونوں کا اہم کردار ہے – ضلع پونچھ کے متعدد سرحدی علاقہ جات میں رہنے والے لوگوں نے اس سلسلہ میں لازوال سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنی انا کو چھوڑ دونوں جانب کے لوگوں کا سوچنا چاہیے کہ وہ کس طرح بے گناہ مارے جا رہے ہیں اور تشدد کے راستے کو چھوڑ امن کے راستے کو اختیار کرنا چاہیے تاکہ دونوں ممالک بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوں اور لوگ بھی اپنی زندگی امن کے ساتھ بسر کر سکیں –

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا