حملوں کو روکنے کے لئے درکار اقدامات اٹھائے جارہے ہیں: ڈی جی سی آر پی ایف
یواین آئی
بارہمولہسی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ ریاست میں خودکش کار بم دھماکے ایک نیا خطرہ ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ اس طرح کے حملوں کو روکنے کے لئے درکار اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ بھٹناگر نے بدھ کے روز یہاں سی آر پی ایف کی ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کو بتایا ’ خودکش کار بم دھماکے ایک نیا خطرہ ہے۔ ایسے حملوں کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ نئے تدابیر اٹھائے گئے ہیں۔ سبھی ایجنسیاں مل کر کام کررہی ہیں‘۔ انہوں نے حالیہ بانہال کار دھماکے پر کہا ’خودکش دھماکہ کرنے کی کوشش کرنے والے جنگجو کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس پوری سازش کا پردہ فاش کیا جارہا ہے۔ مزید لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے‘۔ ڈی جی سی آر پی ایف نے انکشاف کیا کہ وادی میں گذشتہ تین ماہ کے دوران 62 جنگجو مارے گئے۔ ان کا کہنا تھا ’اس سال اب تک قریب 62 جنگجوﺅں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ کامیاب آپریشنز ہورہے ہیں۔ آپریشنز لگاتار جاری رہیں گے‘۔ انہوں نے کہا ’آپ نے دیکھا کہ کامیاب آپریشنز ہورہے ہیں، آگے بھی آپ دیکھیں گے کہ کامیاب آپریشن ہوں گے۔ جو بھی شخص ہتھیار اٹھائے گا اس کے خلاف آپریشن کیا جائے گا‘۔ آر آر بھٹناگر نے الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے کہا ’الیکشن کے لئے تمام ضروری تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ پرامن اور شفاف انتخابات ہوں گے‘۔