وزیراعلیٰ ریاست کے نہیں ہیں بلکہ آر ایس ایس کے ہیں اوراسی کے نظریات کے مطابق کام کررہے ہیں
ےو اےن اےن
ممبئی //ڈاکٹر نریندردابھولکر، کامریڈ گوند پانسارے کے قتل کے مقدمے کی سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے اس معاملے کی تفتیش کرنے والی ایجنسی ومہاراشٹر حکومت کی لاپرواہی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ ریاست کے ہیں یا صرف ایک سیاسی پارٹی کے؟ ہائی کورٹ کا یہ کہنا وزیراعلیٰ کی اہلیت پر سوالیہ نشان ہے جو مہاراشٹر کی تاریخ میں پہلی بار عدالت نے کسی وزیراعلیٰ پر لگایا ہے۔ عدالت کی یہ تنقید مہاراشٹر کے لئے انتہائی شرمناک باب ہے۔ اس تنقید کے بعد وزیراعلیٰ کو فوراً اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدینا چاہئے۔ یہ باتیں آج مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ممبر پارلیمنٹ اشوک چوہان نے کہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالت کی اس سخت تنقید سےیہ ثابت ہوتا ہے کہ ریاست کے وزیراعلیٰ آئین کے مطابق نہیں بلکہ آر ایس ایس کی نظریات کے مطابق کام کررہے ہیں۔ ریاست کا محکمہ داخلہ وزیراعلیٰ کے پاس ہے اور بحیثیت وزیرداخلہ وزیراعلیٰ مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ اشوک چوہان نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ ہمیشہ آئین کے خلاف رہا ہے۔اپنے مخالفین کی آواز کو دبانے کے لئے آرایس ایس کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر دابھولکر، کامریڈ گوند پانسارے آرایس ایس کی نظریات کے خلاف لڑے، جس کی وجہ سے ان کے قاتلین تک پہونچنے میں حکومت کوکوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اشوک چوہان نے کہا کہ ممبئی کے قریب نالاسوپارہ میں برآمد ہوئے ہتھیاروں کے ذخیروں کی تفتیش آر ایس ایس اور ویشووہندو پریشد کے بڑے لیڈران تک پہونچنے کا خدشہ ہے۔اس لئے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ہی وزیراعلیٰ قصداً تفتیش کی رفتار کو کم کرنے کا حکم تفتیشی ایجنسی کو دیئے ہیں۔ یہ سننسی خیز انکشاف انڈیا اسکوپ نامی ویب سائیٹ نے کیا تھا۔ کانگریس پارٹی نے اس ضمن میں وزیراعلیٰ سے وضاحت طلب کی تھی جو انہوں نے ابھی تک نہیں دی ہے۔ ہائی کورٹ کی اس تنقید کی بعد یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ انڈیا اسکوپ کی مذکورہ بالا رپورٹ صحیح تھی۔