جاوید مصطفی میر شاہ فیصل کی پارٹی میں شامل

0
0

کہا ہم مل جل کر ریاستی عوام کی خدمت کریں گے
یواین آئی

سری نگرپی ڈی پی کے سابق سینئر لیڈر جاوید مصطفی میر نے سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل کی جماعت ’جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ‘میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ شاہ فیصل نے بدھ کے روز یہاں اپنی جماعت کے دفتر پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران جاوید مصطفی میر کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر میر کا بیس سالہ سیاسی کیریئر شفافیت اورایمانداری پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز موومنٹ مسٹر میر کے وسیع سیاسی تجربے سے بھرپور استفادہ حاصل کرے گی۔ جاوید مصطفی میر نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ ہم مل جل کر ریاستی عوام کی خدمت کریں گے۔ تاہم انہوں نے اپنی سابقہ جماعت پی ڈی پی سے متعلق کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کیا۔ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے حلقہ انتخاب چاڈورہ سے تین مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے جاوید میر نے رواں برس جنوری میں پی ڈی پی سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔ شاہ فیصل نے جاوید میر کا پیپلز موومنٹ میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ’آج جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے لئے ایک بڑا دن ہے۔ ریاست کی ایک مشہور سیاسی شخصیت ہمارے کاروان کا حصہ بن گئی ہیں۔ جاوید مصطفی میر صاحب گذشتہ بیس برس سے زیادہ عرصہ سے ایک پبلک لیڈر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تین مرتبہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔ ریاستی وزیر کی حیثیت سے بھی کام کیا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’جاوید میر صاحب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب کی ترقی کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ بیس سال سیاست میں رہنے کے باوجود ان کے کردار اور ایمانداری پر آج تک کسی نے کوئی سوال نہیں اٹھایا ہے۔ یہ وہ سب سے بڑی بات ہے جس نے ہمیں آمادہ کیا کہ ہم ان کی رہبری حاصل کریں اور ان کے وسیع سیاسی تجربے سے فائدہ اٹھائیں‘۔ شاہ فیصل نے کہا کہ پیپلز موومنٹ مسٹر میر کے وسیع سیاسی تجربے سے بھرپور استفادہ حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا ’جاوید مصطفی صاحب نے ہمارے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ ایک ایسا کاروان ہے جس میں نئے لوگ بھی ہیں اور پرانے لوگ بھی ہیں۔ تجربہ کار لوگ بھی ہیں اور نوجوان بھی ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ جاوید صاحب کی رہبری میں جو مشن لیکر ہم چل پڑے ہیں، ہم اس میں ضرور کامیاب ہوں گے‘۔ انہوںنے کہا ’ہم ریاست میں ایک متبادل کو پیدا کررہے ہیں۔ ہم اس کے ذریعے ریاست کے نوجوانوں، بزرگوں اور آنے والی نسل کو ایک شفاف ، ایماندار اور با کردار سیاست دینے میں کامیاب ہوں گے۔ میں امید کرتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں اس ریاست کے سیاسی افق پر ہماری جماعت کا پرچم آفتاب کی طرح چمکے گا‘۔ شاہ فیصل نے کہا کہ ان کی جماعت اسمبلی انتخابات کے لئے بالکل تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا ’اگر کل ہی اسمبلی انتخابات کرانے کا اعلان ہوتا ہے، ہم لڑیں گے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا ایک مجاز ادارہ ہے۔ ہم الیکشن کے لئے بالکل تیار ہیں‘۔ جاوید مصطفی میر نے کہا کہ ہم مل جل کر ریاستی عوام کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا ’ہم جموں وکشمیر کے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ اس کا قطعی یہ مطلب نہیں کہ ہم اقتدار چاہتے ہیں۔ ہم ریاستی عوام کے مسئلے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ انسان کی نیت صاف ہونی چاہیے۔ ہم نہیں کہتے ہیں کہ ہم معجزے دکھائیں گے۔ مگر روایتی سیاست سے کچھ الگ کریں گے‘۔ جاوید میر نے پی ڈی پی چھوڑنے کی وجہ بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا آپ (میڈیا) مجھ سے چاہتے ہیں کہ میں آتے ہی دھواں دار بلے بازی شروع کروں۔ میں ایک کھلی کتاب ہوں۔ میں چار مرتبہ ریاست کا وزیر رہ چکا ہوں‘۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا