نئی بھرتی سے پہلے پرانے اساتذہ کوبین الاضلاع تبادلے کا ایک موقع فراہم کیا جائے۔
کل مہاراشٹر تنظیمِ اردو اساتذہ کا ضلع ٹرانسفر پالیسی میں اصلاحات کامطالبہ
لازوال ڈیسک
بلڈھانہ:- ریاست میں نئے اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے اور اساتذہ کی بھرتی کے اس عمل سے پہلے بین الاضلاع تبادلوں کا خصوصی مرحلہ فوری طور پر لیا جائے اور بین الاضلاع ٹرانسفر پالیسی میں مناسب تبدیلیاں کی جائیں ایسا مطالبہ کل مہاراشٹر تنظیمِ اردو اساتذہ نے ضلع کلکٹر کے ذریعے ریاستی دیہی ترقیاتی محکمے کو بھیجے گئے محضر میں کیا ہے۔
تمام میڈیم کے اساتذہ کو بین الاضلاع ٹرانسفر کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم ہوں اس کےلیے تمام اضلاع کے روسٹرس کو ملا کر پوری ریاست کا ایک اجتماعی روسٹر بنایا جائے اور تمام خالی اسامیوں پر تمام اساتذہ کو سینیئرٹی کی بنیاد پر بین الاضلاع تبادلوں کا موقع دیا جائے۔ اگر ایسا کرنا ممکن نہ ہو تو صرف اردو میڈیم کے اساتذہ کے لیے اگر تبادلے کے عمل کے وقت پسماندہ طبقات کے امیدوار جیسے درج فہرست ذاتیں اور قبائل وغیرہ دستیاب نہیں ہیں، تو ان کی خالی اسامیوں پر کھلے زمرے کے اساتذہ کے تبادلے کیے جائیں۔
مزید برآں، کسی ایک ضلع پریشد کے این او سی ہولڈرز کو تبادلوں میں پہلی ترجیح دی جائے ، ڈیموشن کیے بغیر سبجیکٹ ٹیچر، اپگریڈ ہیڈ ماسٹر، کیندر پرمکھ وغیرہ جس پوسٹ پر ٹیچر کام کررہا تھا اسی پوسٹ پر نئے ضلع میں ٹرانسفر کیا جائے، چونکہ درون ضلع ٹرانسفر کے عمل میں ہر سال ضلع کے تمام تعلقوں میں اساتذہ کی مساوی تقسیم کی جاتی ہے، اس لیے بین الاضلاع ٹرانسفر کے ذریعے نئے ضلع میں آنے والے اساتذہ کا نیز شوہر-بیوی کو ایک دوسرے سے قریب کرنے کے لیے ہمدردی سے غور کرتے ہوئے ضلع کی ممنوع اسامیوں سمیت ہر قسم کی خالی اسامیوں پر سینیئرٹی کی بنیاد پر تقرر کیا جائے۔ پچھلے مراحل میں جن اساتذہ کے تبادلے ہوئے ہیں ان میں سے جو آج اپنا ٹرانسفر منسوخ کرنا چاہتے ہیں ان کو ایک موقع دیا جائے کہ وہ اپنا ٹرانسفر منسوخ کر دیں۔لیکن جن اساتذہ نے اپنا ٹرانسفر منسوخ کیا ہے انھیں اگلے پانچ سال تک ٹرانسفر کا موقع نہ دینا ناانصافی ہے اس لیے ایسے اساتذہ کو اگلے مرحلے میں درخواست دینے کا موقع دیا جائے۔ ایک یونٹ کے طور پر میاں بیوی کے جوڑے کو ٹرانسفر کا موقع دیتے وقت سروس میں جونیئر ہونے والے میاں یا بیوی کی سینیئرٹی پر غور کرنے کی بجاے اس کی سینیئرٹی پر غور کیا جانا چاہیے جو سروس میں سینیئر ہے۔ اسپیشل کیڈر دوم میں ان اساتذہ کو ٹرانسفر کے اگلے مرحلے میں دوبارہ موقع دیا جانا ضروری ہے جو پچھلے مرحلے میں اپنی پہلی پسند کا ضلع نہ ملنے کے سبب اسپیشل کیڈر دوم میں فارم بھرنے کے باوجود اپنے جوڑی دار کے قریب نہیں جاسکے تھے۔ اسپیشل کیڈر دوم میں اساتذہ کی سو فیصددرخواستوں پر سینیئرٹی کے مطابق ترجیح کے ساتھ غور کیا جائے۔ بین الاضلاع تبادلوں کے دوران سینئر اساتذہ کے ساتھ ناانصافی سے بچنے کے لیے چار ضلعوں کے ترجیحی نمبر کی بجائے اساتذہ کی سینیئرٹی کو ترجیح دی جائے۔ 31 مئی کی بجائے 30 جون تک کی سروس کو درون ضلع اور بین الاضلاع ٹرانسفر دونوں کے لیے شمار کیا جائے۔ تمام اضلاع میں اساتذہ کو بین الاضلاع تبادلوں کے یکساں مواقع اور انصاف فراہم کرنے کے لیے 10فیصد سے زیادہ خالی اسامیاں رکھنے والی ضلع پریشدوں کے اساتذہ کے بین الاضلاع تبادلے نہ کرنے کی شرط کو منسوخ کیا جائے اور اس کے بجائے حق تعلیم 2009 کے مطابق ہر سال اساتذہ کی سو فیصد خالی اسامیوں کو پر کرنے کی سفارش کی جائے۔ اسپیشل کیڈر اول کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے ترپن سال کی عمر کی شرط کو مزید کم کیا جائے۔ اسپیشل کیڈر اول کا ناجائز فائدہ حاصل کرنے کے لیے اساتذہ کے ذریعے جعلی معذوری سرٹیفکیٹس کا استعمال کرنے کے معاملات میڈیا میں سامنے آ رہے ہیں۔ ملازمت حاصل کرنے کے لیے بھی اس طرح جعلی سرٹیفکیٹ کے استعمال سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ اسے روکنے کے لیے سرٹیفکیٹ کے ساتھ ساتھ سرٹیفکیٹ ہولڈرز کی دوبارہ جانچ پڑتال ضروری معلوم ہوتی ہے۔ تاہم، حقیقی معذوروں کے ساتھ ساتھ دیگر اساتذہ کے ساتھ ناانصافی سے بچنے کے لیے صرف سی ایس کے سرٹیفکیٹ کے بجاے میڈیکل بورڈ سے حاصل کردہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی شرط رکھی جائے۔ ضلع پریشد پرائمری اساتذہ کے ساتھ ساتھ ضلع پریشد ہائی اسکول کے اساتذہ، نگر پریشد،مہانگر پالیکا،بی ایم سی، پرائیویٹ وغیرہ تمام قسم کے اساتذہ کو آن لائن انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسفر پالیسی میں شامل کیا جائے۔ محضر میں بین الاضلاع ٹرانسفر پالیسی میں اس طرح کی مختلف اصلاحات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ محضر پیش کرنے والے کل مہاراشٹر تنظیمِ اردو اساتذہ کے وفد میں ریاستی سیکریٹری شیخ ضمیر رضا، ضلعی صدر سید انیس، پرائیویٹ ضلعی صدر رئیس قاضی، خزانچی شارق زبیر، ڈویژنل جوائنٹ سیکریٹری ریاض احمد، ضلعی رہنما حسین قریشی اور شیخ مبین سر، بلال دیشمکھ، منور خان، مزمل شاہ شامل تھے۔