یواین آئی
سرینگرشمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے ماڈر میں ہفتہ کی صبح آگ کی ایک پر اسرار وردات میں اسسٹنٹ روڑ ٹرانسپورٹ دفترکا ایک کمرہ اور سرکاری ریکارڑ خاکستر ہوا۔یو این آئی کو ذرائع سے معلوم ہوا کہ بانڈی پورہ کے ماڈر علاقے میں واقع منی سیکریٹریٹ کے بلاک سی میں قائم اسسٹنٹ روڑ ٹرانسپورٹ دفتر کی تیسری منزل میں ہفتہ کی صبح آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ روڑ ٹرانسپورٹ دفتر کا ایک کمرہ اور سرکاری ریکارڑ خاکستر ہوا۔انہوں نے بتایا کہ میڈیا مانیٹرنگ اور میڈیا سرٹیفکیشن سیل میں شبانہ کام کرنے والے ملازمین نے دھویں کو محسوس کرتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور متعلقہ پولیس اسٹیشن کو مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کا عملہ اور پولیس جائے واردات پر پہنچی اور آگ کو قابو میں لایا گیا تاہم آگ سے سرکاری ریکارڑ اور کچھ کمپیوٹروں کو نقصان پہنچا۔دریں اثنا ایک پولیس عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آگ پر اسرار طریقے سے لگ گئی ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کو تمام زاویوں سے دیکھا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔