یو این آئی
ایپوہ ، ملائیشیا) ہندوستان کی نوجوان ٹیم نے نئے سیزن کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ایشیائی کھیلوں کے چمپئن جاپان کو سلطان ازلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں ہفتہ کو 2-0 سے ہرا دیا۔ ہندستان نے گزشتہ سال جکارتہ میں ہوئے ایشیائی کھیلوں میں جاپان کو گروپ مرحلے میں 8-0 سے پیٹا تھا۔ ہندستان کو سیمی فائنل میں ملائیشیا سے سڈن ڈیتھ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ جاپان نے فائنل میں ملائیشیا کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔ ہندستان کی جیت میں ورون کمار نے 24 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کیا جبکہ سمرنجیت سنگھ نے 56 ویں منٹ میں دوسرا گول داغا۔ ہندستان نے اس ٹورنامنٹ کے لئے بہت تجربہ کار کھلاڑیوں کو آرام دیا تھا۔ہندستان کا اگلا مقابلہ اتوار کو جنوبی کوریا سے ہوگا۔ ہندستان نے اس میچ میں مضبوط ڈیفنس دکھایا اور جاپان کو گول کرنے سے روکے رکھا۔ ہندستان نے پہلے ہاف میں تجربہ کار گول کیپر پی آر شریجیش اور دوسرے ہاف میں کرشن پاٹھک کو اتارا۔ جاپان کو آخری دو منٹ میں پنالٹی کارنر ملا جس پر سریندر کمار نے اچھا دفاع کیا۔ ورون کمار کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ ہندستان کا اگلا مقابلہ اتوار کو جنوبی کوریا سے ہوگا جس نے ایک اور میچ میں کینیڈا کو 6-3 سے پیٹا اور چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ کی ٹیبل میں سب سے اوپر پہنچ گئی۔ ہندستان ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے ۔