یواین آئی
واشنگٹن ، //امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز کریبین ملکوں کے لیڈروں کے ساتھ وینز ویلا میں جاری سیاسی بحران اور سکیورٹی تعاون کے لئے کئی اہم مسائل پر گفت و شنید کی ۔ وائٹ ہا¶س کے ترجمان ہوگن گڈلے نے ایک پریس ریلیز جاری کر کے اس بات کی اطلاع دی۔مسٹر گڈلے نے کہا“صدر ٹرمپ نے آج دی بہاماس، ہیٹی، جمہوریہ ڈومینیکن ، جمیکا اور سینٹ لوسیا کے لیڈروں کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے سبھی لیڈروں سے وینزویلا میں ایک پرامن جمہوری اقتدار کی تبدیلی کی حمایت کرنے ، آفات ، سرمایہ کاری کے مواقع، اور سیکورٹی تعاون کی اہمیت پر تبادلہ خیا ل کیا ” ۔ غور طلب ہے کہ وینزویلا میں موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے اس پر کئی قسم کی پابندی لگانے کے علاوہ کہا ہے کہ وہ فوجی متبادل پر غور کر رہا ہے ۔قومی اسمبلی کے سپیکر اور حزب اختلاف کے لیڈر جوآن گوائیڈو نے 23 جنوری کو ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دیا تھا۔امریکہ کے علاوہ اب تک کینیڈا، ارجنٹینا، برازیل، چلی، کولمبیا، کوسٹا ریکا، گوئٹے مالا، ہونڈوراس، پناما، پیراگوئے اور پیرو سمیت 54 ممالک نے حزب اختلاف کے لیڈر گوائیڈو کو وینزویلا کے عبوری صدر کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ وینزویلا میں ہزاروں لوگ موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ۔ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت مسٹر گوائیڈو کر رہے ہیں۔ جنوری کے اوائل میں مسٹر مادرو نے صدر کے طور پر دوسری مدت کار کا حلف لیا تھا ۔ حال ہی میں اختتام ہوئے انتخابات میں ان پر گڑبڑی کرنے کے الزام لگے تھے ۔مسٹر مادرو کی قیادت میں کئی سالوں سے وینزویلا شدید اقتصادی بحران کا سامنا کر رہا ہے ۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے علاوہ کھانے پینے کی اشیااور ادویات کی کمی کی وجہ لاکھوں لوگوں نے وینزویلا سے نقل مکانی بھی کی ہے ۔ اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق وینزویلا کے 27 لاکھ لوگوں نے لاطینی امریکا اور کیریبین ممالک میں پناہ لی ہوئی ہے ۔یو این آئی ۔