کانگریس کیساتھ اتحادملک کوسیکولر اور مضبوط رکھنے کےلئے قربانی :ڈاکٹرفاروق عبداللہ
یواین آئی
جموںنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ہم نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کرکے ہندوستان کو سیکولر اور مضبوط رکھنے کے لئے قربانی پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آج بعض طاقتیں مذہب کے نام پر لوگوں کو منقسم کررہی ہیں اور ان پارٹیوں کے چنگل سے ملک کو نکالنے کے لئے ہم نے کانگریس کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے اس کے بغیر ہمارا کوئی دوسرا مقصد نہیں ہے۔ فاروق عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں شیر کشمیر بھون جموں میں جموں کی دو پارلیمانی نشستوں کے لئے نامزد کئے گئے امیدواروں رمن بھلا اور وکرم ادتیہ سنگھ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقعہ پر کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے متعدد دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر فاروق نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے کے حوالے سے کہا ‘ہم نے وعدہ کیا ہے کہ ہم نے ہندوستان کے ساتھ رہ کر ہندوستان کو مضبوط کرنا ہے اور سیکولر طاقتوں جو گاندھی جی کے راستے پر چل رہی ہیں کو مضبوط بناکر ہندوستان کو آگے چلانا ہے’۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کوبچانے کے لئے چلے ہیں صرف ریاست بچانے کے لئے نہیں۔ فاروق عبداللہ نے دبے الفاظ میں بی جے پی پر الیکشن دھاندلیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ‘میں نے خود دیکھا ہے کہ انہوں نے ان فورسز کا استعمال کیا جنہوں نے لوگوں کو بھگا کر خود مشینوں کو بھر لیا لہذا ہم سب کو اس کا خاص خیال رکھنا چاہئے’۔ انہوں نے کہا ‘ہم کانگریس کے امیدواروں کو تمام تر تعاون پیش رکھیں گے لیکن ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ پہاڑوں پر جاکر لوگوں کے پاس جائیں’۔ اس موقعہ پر جموں پارلیمانی نشست کے لئے کانگریسی امیدوار رمن بھلا نے کہا کہ ہمیں مل جل کے رہنا چاہئے اور دل سے کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ تنگ آچکے ہیں اور ایک نئے راستے کی تلاش میں ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اودھم پور پارلیمانی نشست کے امیدوار وکرم ادتیہ سنگھ نے کہا ‘فاروق صاحب اور آزاد صاحب نے جو یہ فیصلہ لیا ہے یہ ہمارے قومی مفاد کے لئے بھی اچھا ہے اور ریاست کے لئے بھی فائدہ مند ہے’۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ہمارے امیدواروں کے ہاتھ مضبوط ہوں گے اور جو طاقتیں ہمیں مذہب کے نام پر توڑنے کی کوششیں کررہی ہیں اور ملک میں آگ لگانے کی کوششیں کررہی ہیں، ہم ملک اور جموں کشمیر میں ان کے خلاف متحد ہوکر لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ پارلیمانی لڑائی آخری سانس تک لڑیں گے اور زمینی سطح پر ووٹروں کے پاس جاکر انہیں ووٹ ڈالنے کے لئے راضی کریں گے۔ ادتیہ سنگھ نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ ہم جموں اور اودھم پور کی پارلیمانی نشستیں جیت کر کانگریس کی جھولی میں ڈالیں گے۔ قبل ازیں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے لیڈران نے ایک مشترکہ اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے جموں وکشمیر کی چھ میں سے تین پارلیمانی نشستوں پر ایک دوسرے کے امید واروں کی حمایت کرنے، دو نشستوں پر اپنی اپنی جماعتوں کے امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ لیا۔ نیشنل کانفرنس جموں اور اودھم پور پارلیمانی نشستوں پر کھڑے ہونے والے کانگریس کے امیدواروں کی حمایت کرے گی جبکہ سری نگر۔ بڈگام کی پارلیمانی نشست کے حوالے سے کانگریس نیشنل کانفرنس کے امیدوار فاروق عبداللہ کی حمایت کرے گی۔ تاہم دونوں جماعتیں بارہمولہ، اننت ناگ اور لداخ کی نشستوں پر اپنے اپنے امیدوار کھڑا کریں گی۔