یواین آئی
لندنبھگوڑا تاجر نیرومودی کو لندن کے ھالبورن میں پولس نے گرفتار کر لیا ۔ اس کے خلاف ہندوستانی انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی درخواست پر ویسٹ منسٹر کورٹ نے پیر کے روز وارنٹ جاری کیا تھا۔پنجاب نیشنل بینک کے تقریبا 14 ہزار کروڑ روپے کے گھوٹالے کا ملزم نیرو مودی 17 ماہ پہلے ملک سے فرار ہوگیا تھا۔ نیرو مودی کو کچھ دن پہلے لندن کی سڑکوں پر دیکھا گیا تھا، جس کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ حکومت اس کی حوالگی کے لئے کارروائی کر رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق نیرو مودی کویہاں کے ویسٹ منسٹر کورٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں اس کی حوالگی کے کیس کی سماعت ہو گی۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے انٹرپول اور برطانوی حکام سے رابطہ قایم کرکے نیرو مودی کے خلاف جاری ریڈ کارنر نوٹس پر کارروائی کرتے ہوئے اس کی فوری گرفتاری کی مانگ کی تھی۔ نیرومودی اور اس کے ماما میھل چوکسی نے مل کر پنجاب نیشنل بینک کو 14 ہزار کروڑ روپے کا چونا لگایا تھا۔ ہندوستانی حکام کی درخواست پر نیرو مودی کی گرفتاری کے لئے گزشتہ سال جولائی میں انٹرپول نے ریڈ کارنر نوٹس بھی جاری کیا تھا۔