پنتھال، رامسو اور رام بن کے درمیان کئی مقامات پر چٹانیں کھسک آئی ہیں
یوایین آئی
سرینگر وادی کشمیر کو ملک وبیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ گذشتہ رات سے جاری بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات پر چٹانیں کھسک آنے کے باعث بدھ کے روز ٹریفک کی نقل وحل کے لئے بند رہی۔ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ گذشتہ رات سے جاری بارشوں سے شاہراہ پر پنتھال، رامسو اور رام بن کے درمیان کئی مقامات پر چٹانیں کھسک آئی ہیں جس کی وجہ سے شاہراہ کو بدھ کے روز ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لگاتار بارشوں اور چٹانیں کھسک آنے کے باعث بارڑر روڑس آرگنائزیشن اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے شاہراہ کو صاف کرنے کے لئے آپریشن میں بھی رکاوٹیں آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق بدھ کے روز گاڑیوں کو جموں سے سری نگر روانہ ہونے کی اجازت تھی اورسری نگر جانے والی گاڑیوں کو اودھم پور، چندر کوٹ، رام بن اور دیگر مقامات پر کھڑا کیا گیا ہے۔ٹریفک عہدیدار نے مزید کہا کہ شاہراہ کے مختلف مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس عہدیداروں کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ی ٹریفک کو بحال کیا جائے گا اورجن گاڑیوں کو ٹھہرایا گیا ہے پہلے ان کو ہی چلنے کی جازت دی جائے گی۔ادھر صوبہ لداخ کو وادی کے ساتھ جوڑنے والی قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ سال گذشتہ کے ماہ دسمبر سے لگاتار بند ہے۔ذرائع نے بتایا کہ تازہ برف باری کے سبب لداخ شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ کے کھلنے میں امسال تھوڑی تاخیر ہوسکتی ہے۔