575 پولنگ مراکز میں ساڑھے 5 لاکھ رائے دہندگان کریں گے اپنے ووٹ کا استعمال
تمام پولنگ مراکز الیکشن کمیشن آف انڈیا کے قواعد و ضوابط کے تحت بالکل تیار: ایس ایس پی بارہمولہ
کے این ایس
بارہمولہلوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں انتخابات سے متعلق تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں جس دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری قوائد و ضوابط کے تحت تمام انتظامات کو پولیس اور سیول انتظامیہ نے حتمی شکل دی ہے ۔ کشمیر نیوز سروس کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے بتایا کہ شمالی کشمیر کی پارلیمانی نشست پر 11 اپریل کو ووٹنگ منعقد ہورہی ہے جس دوران انتخابات سے متعلق جملہ امور کو پولیس و سیول انتظامیہ نے حتمی شکل دی ہے ۔ انہوں نے ضلع میں انتخابات سے متعلق مختلف امور کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 11 اپریل 2019 کو شمالی کشمیر کی پارلیمانی نشست پر صرف ضلع بارہمولہ میں 575 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے جہاں رائے دہندگان اپنے من پسند امیدواروں کے حق میں اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ ایس ایس پی کے مطابق ضلع بارہمولہ میں 5 اسمبلی حلقوں میں ساڑھے 5 لاکھ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹنگ کو پُر امن ، خوشحال اور افرا تفری سے پاک ماحول میں منعقد کرانے کیلئے پولیس نے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات عمل میں لائے ہیں جبکہ انتخابات میں رائے دہندگان کی فہرست بھی مکمل کی جاچکی ہے ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے خواہشمند امیدوار جن مقامات پر عوامی ریلیاں منعقد کریں گے ، پولیس نے ان مقامات کی پہلے ہی نشاندہی عمل میں لائی ہے جہاں سیکورٹی کے کڑے حصار میں خواہشمند امیدوار اپنی انتخابی مہم پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے والے ہر ایک خواہشمند امیدوار کو سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف ) کی طرف سے معقول سیکورٹی فراہم کی جائیگی ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ انتخابات کیلئے مقرر کردہ 575 پولنگ مراکز الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری قواعد و ضوابط کے تحت مکمل طور پر پر تیار ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سرحدی قصبہ اوڑی میں سیول و پولیس انتظامیہ نے انتخابات کو پر امن اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرانے کیلئے 35 پولنگ مراکز کا انتخاب عمل میں لایا ہے ۔ ’ ’اگر سرحدی قصبہ اوڑی میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی پاداش میں صورتحال پر تناﺅ رہی تو ایسے میں پولیس و سیول انتظامیہ یہاں قائم پولنگ مراکز کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کرے گی ۔ “ انہوں نے کہا کہ انتظامات کے دوران پولیس نے 3 دائروں والی سیکورٹی کو حتمی شکل دی ہے تاکہ کسی بھی گڑ بڑ سے بر وقت نمٹایا جائے ۔ ایس ایس پی نے کے این ایس کو بتایا کہ ٹنگمرگ علاقے میں ایسے 2 پولنگ مراکز جہاں گزشتہ انتخابات کے دوران بھاری تعداد میں رائے دہندگان نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا ، پر پولیس کا خصوصی پہرہ رہے گا اور یہاں کسی بھی امکانی گڑھ بڑھ سے نمٹنے کیلئے غیر معمولی سیکورٹی کے انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس و سیول انتظامیہ نے ووٹران کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کڑے سیکورٹی انتظامات عمل میں لائے ہیں جبکہ پولنگ مراکز کے ارد گرد ہمہ وقت پولیس کا پہرہ یقینی بنایا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس انتخابات کے دوران کسی بھی امکانی گڑ بڑ سے نمٹنے کیلئے بالکل متحرک ہے اور شر پسند عناصر کی جانب سے کسی بھی سازش کو بر وقت ناکام بنایا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک لے جانے کیلئے پولیس و سیول انتظامیہ سے وابستہ اہلکاروں و افسران کو خصوصی ہدایات دی گئی ہے ۔