نجی گاڑیوں کی پارکنگ اہم مسئلہ ، عام لوگوں کو پریشانیو ں کا سامنا
ملک شاکر
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ جہاں رام بن با نہال کے مقام پر مسافروں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کے لئے بھی دردسر بنی ہوئی ہے اور مسلسل ٹریفک جام جو کہ ایک معمول بن چکا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تو وہی دوسری جانب بانہال میں قومی شاہراہ کی حالت تشویشناک ہے جوکہ گاڑیوں کی پارکنگ کی جگہ اختیار کر چکی ہے،اور شاہراہ پر ایک ساتھ دو گاڑیوں کا گزرنا ناممکن سا دکھائی دیتا ہے۔ جس کی وجہ سے ٹریفک جام میں مذید اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے اور مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور اس کے علاوہ جہاں گاڑیوں کی پارکنگ کے بعد تھوڑی سی جگہ بچی ہوئی ہوتی ہے تو وہاں پر ریہڑی فروشوں کی من مانی بھی عروج پر ہے۔ اور عام لوگوں کے چلنے کی جگہ کوغیر قانونی طور پر اسے بند کیا گیا ہے جہاں سے عام لوگوں کو گذرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور لوگوں کو ہر وقت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر چہ میونسپلٹی کی طرف سے کی گئی کاروائی میں غیر قانونی طور پر لگائے جانے والے ریہڑی فروشوں اور دکان داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی تھی جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات کم ہوئی تھی۔ لیکن دن گزرنے کے ساتھ ہی یہ من مانی برقرار رہی اور شاہراہ پر گاڑیوں کی پارکنگ کے چلتے بانہال میں قومی شاہراہ کا تصور ہی نہیں ہوتا یہ سب کچھ ہوتے ہوئے بھی انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے اور لوگوں کی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ لہٰذا اس معاملے میں عوام کی انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل ہے تاکہ یہاں پر قانونی کاروائی کے تحت عام لوگوں کو پریشانیوں سے نجات دلائی جاسکے ۔