سڑک حادثے کی تحقیقات کرانے کی مانگ
اجمل ملک
رام بن// ضلع رام بن کے علاقہ را ج گڑھ میں گزشتہ روزہ سڑک حادثہ میں متعدد جانیں ضائع ہو گئیں جس کے سلسلے میں آج لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق راج گڑھ کے لوگوں نے گزشتہ روز سڑک حادثہ میں ایک درجن سے زیادہ لوگوں کی ہلاک ہو نے کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین مانگ کر رہے تھے کہ حادثہ کی تحقیقات کی جائے کہ کس وجہ سے یہ حادثہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ ٹریفک کی لاپرواہی سے ہوا یا ڈرائیور کی نا تجربہ کاری کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا ۔ احتجاج کی قیادت ایڈوکیٹ سورج سنگھ کر رہے تھے انہوں نے مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کر کے قصور واروں کوسخت سزا ملے ۔وہیں انہوں نے کہا کہ ضلع ہیڈ کوارٹر سے ملانے والی راجگڑھ سڑک انتہائی خستہ حال ہے جس کی ساری ذمہ داری محکمہ کے ملازمین پر عائد ہوتی ہے کیونکہ اگر محکمہ نے سڑک کی خستہ حالی پر وقت پر دھیان دیا ہو تا تو آج اتنا بڑا حادثہ نہیں ہوتا ۔وہیں احتجاجیوں نے کہا کہ سڑک کے مختلف مقامات پر بڑے بڑے درخت گر ے ہیں اور ڈرائیوروں اور مقامی لوگوں نے ان درختوں کے اوپر سے ہی مٹی ڈال کر گاڑیوں کے آمدورفتکے قابل بنا یا ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کر نے کی مانگ کی ہے اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ جلد ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کر حادثے کی تحقیقات کرائیں گے۔