’ملک خطرے میں نہیں بلکہ نریندر مودی خطرے میں ہیں‘

0
0

میں بوڑھا ہوچکا ہوں، ریاست کی کمان نہیں سنبھال سکتا: فاروق عبداللہ
لازوال ڈیسک

جموںنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ’میں بوڑھا ہوچکا ہوں، اس لئے میں نہیں بلکہ عمر عبداللہ ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ بنیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود پارلیمانی چناﺅ جیت کر پارلیمان میں جائیں گے۔ فاروق عبداللہ نے بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک خطرے میں نہیں بلکہ نریندر مودی خطرے میں ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی لوگوں کو مذہب، طبقوں اور علاقوں کے نام پر بانٹ رہی ہے۔ فاروق عبداللہ نے یہ باتیں اتوار کے روز یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ ان کا کہنا تھا ’آپ سے ایک بات اور کہوں گا۔ میں وزیر اعلیٰ نہیں بنوں گا۔ یہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بنے گا۔ وہ جوان ہے اور میں بوڑھا ہوں۔ میں اتنا نہیں بھاگ سکتا جتنا یہ جوان لوگ بھاگ سکتے ہیں۔ ان کے ساتھ مقابلہ اگر کرسکتا ہے تو عمر کرسکتا ہے۔ ایک بوڑھا ان کا کیسے مقابلے کرے گا۔ انشاءاللہ میں پارلیمنٹ میں ضرور جاﺅں گا۔ مجھے پوری امید ہے۔ ہمیں پارلیمنٹ میں وطن بنانا ہے۔ جس وطن کو ہم بھارت کہتے ہیں‘۔ انہوں نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’مودی حکومت نے ہر سال دو کروڑ نوکریاں ، ہر کنبے کو پندرہ لاکھ روپے فراہم کرنے اور مہنگامی کم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن سب جھوٹ ثابت ہوا۔ کب تک ہم یہ جھوٹ سنتے رہیں گے۔ دیش خطرے میں نہیں بلکہ مودی جی خطرے میں ہے۔ افسوس تو اس بات کا ہے کہ لوگوں کو بانٹا جارہا ہے۔ ہندو الگ۔ پھر ہندوﺅں میں شیڈول کاسٹ الگ ، برہمن الگ ، سکھوں کو الگ کھڑا کرو۔ مسلمانوں کو الگ کھڑا کرو۔ پھر مسلمانوں میں شیعہ کو الگ کھڑا کرو اور سنی کو الگ کھڑا کرو۔ اس دیش میں وہ لوگ عوامی نمائندے بننے چاہیے جو لوگوں کے درد کو سمجھ سکیں۔ صرف نعرے بازی نہیں۔ نعرے بازی سے دیش نہیں چلے گا‘۔ فاروق عبداللہ نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے میڈیا کو خرید رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’اخباروں کو خرید رکھا ہے، ٹیلی ویژن چینل کو خرید رکھا ہے۔ یہ روز ان کی ہی خبریں چلاتے ہیں۔ کیونکہ ان کے پاس مایا دیوی (پیسے) آتی ہے۔ مگر یہ نہیں پتہ کہ جب اوپر والے کا چمتکار ہوگا نہ مایا رہے گی نہ ٹی وی چینل‘۔ انہوں نے مزید کہا ’ میں اس خدا کی قسم کھاتا ہوں جس نے مجھے پیدا کیا، آپ ایک دن دیکھیں گے کہ یہی (میڈیا ادارے) اپنا ٹون بدل دیں گے۔ دیش میں ایسا میڈیا ہونا چاہیے جو سچائی پیش کرے۔ یہ خدا اور بھگوان نہیں ہیں۔ یہ بھگوان نہیں بن سکتے۔ مصر میں ایک شخص تھے جنہیں فرعون کہتے تھے۔ وہ دن میں اپنے آپ کو خدا کہتا تھا۔ لیکن رات میں جب جاتا تھا تو کہتا تھا کہ خدا میں نہیں خدا تم ہو‘۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا