مشکل وقت میں ہندستان نیوزی لینڈ کے عوام کے ساتھ :مودی
یواین آئی
نئی دہلی وزیر اعظم نریندر مودی نے نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تکثیری اور جمہوری معاشرے میں نفرت اور تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں۔نیوزیلینڈ کی وزیر اعظم کے نام ایک مکتوب میں مسٹر مودی نے خوفناک حملے میں مارے جانیوالوں کے کنبوں کیساتھ گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ایک سرکاری ریلیز کے مطابق مسٹر مودی نے زخمیوں کی تیزی سے شفایابی کی دعا کی اور کہا کہ اس مشکل وقت میں ہندستان نیوزی لینڈ کے عوام کے ساتھ ہے۔وزیر اعظم نے ہندستان کی طرف سے ہر نوعیت کی دہشت گردی اور تشدد کی تائید کرنیوالوں کی سخت مذمت کی اور کہا کہ تکثیری اور جمہوری معاشروں میں نفرت اور تشدد کی کہیں کوئی گنجائش نہیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مسجدوں میں آج نماز جمعہ سے قبل دہشت گردانہ حملوں میں 49 لوگ ہلاک اور 39 زخمی ہوگئے۔نیوزی لینڈ پولس کے مطابق ڈینز ایونیو میں واقع مسجد میں 41 اور لین و±ڈ مسجد میں 7جانوں کا زیاں ہوا۔ایک شدید زخمی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے 39 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔پولیس نے ایک خاتون سمیت 4 حملہ آوروں کو گرفتار کیا ہے جن میں سے ایک اسٹریلوی ہے۔دریں اثنا نیوزیلینڈ میں ہندستانی ہائی کمیشن نے حملے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ہندستانی مدد کے لئے ان نمبروں پر رجوع کر سکتا ہے۔ 021803899 021850033