دونوں فریق کرتار پور صاحب گلیارے کے کام کو تیزی سے مکمل کرنے پر راضی ہوئے
یواین آئی
اٹاری(امرتسر)پاکستان کے نوروال میں واقع گردوارہ کرتارپور صاحب کے درشن کرنے کے لئے جانے والے عقیدت مندوں کے لئے بنائے جارہے کرتار گلیارے پر طریقہ کار اور سمجھوتے کے مسودے پر جمعرات کو ہندوستان اور پاکستان کے افسران نے یہاں خوشگوار ماحول میں بات چیت کی۔ میٹنگ کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے افسران نے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔ ہندوستان کی جانب سے میٹنگ میں وفد کی قیادت وزارت داخلہ میں جوائنٹ سکریٹری ایس ایل داس نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے کی۔ پلوامہ میں 14 فروری کو مرکزی ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف) کے قافلے پر دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے حملے میں 40 سے زیادہ جوانوں کے شہیدہونے اور اس کے بعد ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے بالاکوٹ میں دہشت گردانہ کیمپ پر ہوائی حملے سے دونوں ممالک کے درمیان رشتے بہت ہی تلخ ہوگئے تھے ۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کسی معاملے پر یہ پہلی میٹنگ ہوئی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ سمجھوتے کے مختلف پہلو¶ں اور التزاموں پر تفصیلی اور مثبت بات چیت ہوئی۔ دونوں فریق کرتار پور صاحب گلیارے کے کام کو تیزی سے مکمل کرنے پر راضی ہوئے ۔ دونوں جانب سے تکنیکی ماہرین نے بھی مجوزہ گلیارے اور ا س سے منسلک دیگر مسائل پر غوروفکر کیا گیا۔ دونوں فریق اگلی میٹنگ 2 اپریل کو واگہہ میں کرنے پر راضی ہوئے ہیں۔اس سے پہلے 19 مارچ کو تکنیکی ماہرین کی میٹنگ ہوگی۔