لوک سبھا انتخابات میں مایاوتی کو بھی مکمل حمایت دینے کے اشارے دیئے
یواین آئی
میرٹھبھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر نے بدھ کو کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں وہ وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف اپنا امیدوار کھڑا کریں گے اور کوئی نہ ملا تو وہ خود میدان میں اتریں گے ۔ میرٹھ کے ایک نجی اسپتال میں بھرتی چندرشیکھر نے آج ایک ویڈیو جاری کرکے الزام لگایا کہ اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے اشارے پر اجازت ہونے کے باوجود دیوبند میں ان کی پدیاترا کو روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے کہنے پر ہی ضلع انتظامیہ نے پدیاترا کے سلسلے میں بے بنیاد باتیں پھیلائی ہیں۔ اپنے بیان میں مسٹر چندشیکھر نے کہا کہ بھیم آرمی 15 مارچ کو دہلی میں اپنی طاقت کامظاہرہ کرنے جارہی ہے اور اس دن ‘بہوجن ہنکار ریلی’ بھی دہلی میں ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ دہلی میں ہونے والی ریلی میں بھیڑ امڈے گی اور کوئی بھی کتنی کوشش کرلے لیکن اسے روکا نہیں جاسکے گا۔چندشیکھر نے اپنے ویڈیو پیغام میں لوک سبھا انتخابات میں مایاوتی کو بھی مکمل حمایت دینے کے اشارے دیئے ۔ ساتھ ہی انہوں نے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو سے بھی پرموشن میں ریزرویشن کے مسئلہ پر بھی اپنے نظریات کو واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں ریاست کے سابق وزیراعلی ملائم سنگھ یادو کے لوک سبھا میں دیئے گئے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ملائم سنگھ اپنے بیان سے لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔