یو این آئی
نئی دہلیعام آدمی پارٹی(آپ)کے سربراہ اروند کیجریوال نے منگل کو دعوی کیا کہ دہلی کی ساتوں لوک سبھا سیٹوں پر ان کی پارٹی جیت درج کرے گی ۔ مسٹر کیجریوال نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی نے اندرونی سروے کرایا ہے ۔“ہمارے اندرونی سروے میں ہماری جیت واضح ہے ۔ہم سبھی سات سیٹیں جیتیں گے ۔” کانگریس صدر راہل گاندھی کی جانب سے دہلی میں آپ کے ساتھ اتحاد سے انکار کرنے کے باوجود آپ کے قومی کنوینر مسٹر کیجریوال نے کہا کہ پارٹی کے سروے میں آپ کو دہلی میں ‘کلین سویپ’ ملنے کی امید ہے ۔آپنے دہلی کی چھ سیٹوں کے لئے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے ۔ مسٹر کیجریوال نے اس موقع پر دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ نہ دینے کے لئے مرکز کی بھارتیہ جنتاپارٹی کی قیادت والی جمہوری اتحاد حکومت(این ڈی اے )کی نکتہ چینی کی۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں بڑی تعداد میں بے روزگار ہیں جنہیں دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دئے جانے پر روزگار دئے جاسکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو دہلی کی ساتوں لوک سبھا سیٹوں پر جیت حاصل ہوئی تھی۔آپ نے گزشتہ عام انتخابات میں بھی ساتوں سیٹوں پر الیکشن لڑا تھا اور ایک بھی سیٹ پر جیت حاصل نہیں کرپائی تھی ۔اس سے پہلے 2009کے انتخابات میں کانگریس نے دہلی کی ساتوں سیٹوں پر جیت درج کی تھی