یو این آئی
گاندھی نگر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج کہاکہ لوگوں کو اس بات کے لیے بیدار رہنا ہوگا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران فضول کے موضوعات نہ اٹھیں ۔اپنے بھائی اور پارٹی صدر راہل گاندھی اور ماں سونیاگاندھی کے ساتھ احمدآباد میں کارنگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کرنے کے بعد پہلی بار کسی ریلی میں ایک ساتھ اسٹیج پر نظر آنے والی محترمہ پرینکا واڈرا نے کہا،“یہ ملک پیار سے بنا ہے لیکن آج ملک میں جو ہورہا ہے تو میں دل سے آپ سے کہنا چاہتی ہوں کہ اس سے بڑی کوئی حب الوطنی نہیں کہ آپ بیدار رہیں ۔یہ بیداری ایک ہتھیار ہے اور آپ کا ووٹ بھی ہتھیار ہے ۔لیکن یہ ایسا ہتھیار ہے جس سے چوٹ نہیں لگتی ۔دکھ نہیں ،نقصان نہیں ہوتا بلکہ ایسا ہتھیار ہے جو آپ کو مضبوط بنائے گا ۔” محترمہ واڈرا نے کہا،“آپ کو گہرائی سے سوچنا پڑے گا کہ یہ انتخاب کیاہے ۔اس میں فضول کے موضوعات نہیں اٹھنے چاہئیں ۔آپ اپنے مستقبل کا انتخاب کرنے جارہے ہیں ۔آپ کے لیے اہم کیاہے ۔لوگوں کو روزگار کیسے ملے گا ۔خواتین کیسے محفوظ ہونگی اور کسانوں کے لیے کیاہو۔یہ انتخابی موضوعات ہیں ۔” انھوں نے کہا کہ آپ کی بیداری ہی آپ کو آگے لاسکتی ہے ۔آپ سے گزارش ہے کہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں ۔جو آپ کے سامنے بڑی باتیں بڑے وعدے کرتے ہیں ان سے پوچھیے کہ جودوکروڑ روزگار کا وعدہ کیاتھا ،وہ کہاں ہے ،ان سے پوچھیے کہ پندرہ لاکھ کھاتے میں آنے والے تھے ،وہ کہاں گئے ۔خواتین کے تحفظ کی بات کرتے تھے انھیں کیاتحفظ ملا ۔کسانوں کے بارے میں سوال کیجیے ۔صحیح سوال کیجیے ۔آنے والے دوماہ میں آپ کے سامنے کئی مسائل اٹھائے جائیں گے ۔لیکن آپ کو ہوشیار رہنا ہوگا اور صحیح موضوعات کو پہچاننا ہوگا ،آپکی حب الوطنی اسی میں ظاہر ہونی چاہئے ۔ وزیراعظم نریندرمودی کا نام لیے بغیر اور حال ہی میں احمدآباد میں انکے خطاب کے بارے میں بالواسطہ ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ جو اپنی فطرت کی بات کرتے ہیں انھیں بتائیں کہ اس ملک کی فطرت کیاہے ۔واضح رہے کہ مسٹر مودی نے کہاتھا کہ انکی فطرت ہے چن چن کر بدلہ لینے کی ۔ محترمہ واڈرا نے کہا،“صحیح فیصلہ کیجئے ،صحیح مسائل اٹھائیے کیونکہ یہ ملک آپ نے بنایاہے ،اسے کسان بھائیوں بہنوں نے ،نوجوانوں نے بنایاہے ،یہ کسی اور نے نہیں بنایا۔یہ کسی اور کا نہیں ۔آپ اسکی حفاظت کرسکتے ہیں۔جہاں دیکھئے وہاں نفرت پھیلتی جارہی ہے اور ہمارے آپ کے لیے اس سے بڑی کوئی چیز نہیں ہے کہ ملک کی حفاظت کریں اور ملکر آگے بڑھیں ۔