”ہیون سنیما“ کے مالکان عدالت کا دروزاہ کھٹکھٹانے پر مجبور
کمشنر سیکرٹری ہوم، ڈی جی پی، اے ڈی جی پی، ایس ایس پی اور متعلقہ کمانڈٹ کے نام نوٹس
کے این ایس
اننت ناگ90کی دہائی میں اشاجی پورہ اننت ناگ میں ”ہیون سنیما“ کے نام سے مشہور جائیداد پر قابض 40بٹالین سی آر پی ایف کی طرف سے گزشتہ دنوں شائع کی گئی خبر کی تردید کرتے ہوئے جائیداد کے اصل مالکان نے فورسز کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ مالکان جائیداد نے اس موقعے پر کمشنر سیکرٹری ہوم، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ( لا اینڈ آرڈر) ایس ایس پی اننت ناگ اور کمانڈنٹ سی آر پی ایف 40بٹالین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک مہینے کے اندر اندر جائیداد کو خالی کرنے کو کہاہے بصورت دیگر مالکان جائیداد نوٹس کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں عدالت کا دروزہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کو معلوم ہوا ہے کہ 90کی دہائی میں اشاجی پورہ اننت ناگ میں ”ہیون سنیما“ کے نام سے مشہور جائیداد پر قابض 40بٹالین سی آر پی ایف کی طرف سے چند روز قبل ایک بے بنیاد خبر شائع کی گئی ہے جس میں جائیداد پر قابض سی آر پی ایف نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ”ہیون سنیما“ میں فلموں کے نمائشی پروگرامات پر پھر سے بحال کریں گے۔ ادھر جائیداد کے اصل مالکان نسیمہ اختر زوجہ مشتاق احمد، یاسر صدیق کینو، محمد صدیق کینو، مشتاق احمد کینو ساکنان صادق آباد نزدیک جی پی او آفس کے پی روڑ اننت ناگ نے سی آر پی ایف کے دعوﺅں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ فورسز نے بے بنیاد خبر شائع کرتے ہوئے سماج میں ہمارے وقار کو انتہائی حد تک ٹھیس پہنچائی ہے۔ مالکان جائیداد کا کہنا ہے کہ 90کی دہائی میں سی آر پی ایف کی 40ویں بٹالین نے جائیداد پر بالجبر قبضہ کرتے ہوئے یہاں اپنا کیمپ قائم کیا اور تاحال متعدد مرتبہ ہمارے گزارشات کے باوجود فورسز اہلکار جائیداد کو خالی کرنے میں مخلص نہیں دکھائی دئے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا چند روز قبل سی آر پی ایف کی جانب سے ایک خبر شائع کی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ”ییون سنیما“ میں دوبارہ فلموں کی نمائش کو شروع کیا جائےگا۔ انہوں نے بتایا کہ سی آر پی ایف کو کوئی حق نہیں بنتا ہے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق ہماری جائیداد کے ساتھ معاملہ برتے ۔ مالکان جائیداد نے بتایا کہ ہماری دیرینہ خواہش ہے کہ اشاجی پورہ میں قائم جائیداد میں ہم عوام کو طبی سہولیات بہم پہنچانے کے لیے ایک ہسپتال شروع کریں تاکہ لوگوں کو مجموعی طور پر اُس سے فائدہ پہنچے۔جائیداد کے قانونی وارثین کا کہنا ہے کہ جب سے سی آر پی ایف کی طرف سے بے بنیاد خبر کو شائع کیا گیا ہے تب سے سماج میں ہمارے تئیں شک کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے جس کے نتیجے میں ہماری عزت اور وقار کو انتہائی ٹھیس پہنچی ہے۔قانونی وارثین نے اس موقعے پر معاملے کے ساتھ قانونی طور پر نمٹنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کمشنر سیکرٹری ہوم، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ( لا اینڈ آرڈر) ایس ایس پی اننت ناگ اور کمانڈنٹ سی آر پی ایف 40بٹالین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک مہینے کے اندر اندر جائیداد کو خالی کرنے کو کہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائیداد کے اصل مالکان ہم لوگ ہیں لہٰذا سی آر پی ایف کو ایسے میں قانون کی پامالی سے احتراز کرنا چاہیے۔ جائیداد کے اصل وارثین نے نوٹس میں متعلقین کو 30دنوں کا وقت فراہم کیا ہے جس کے بعد وہ مجبوراً عدالت کا دروازہ کھٹکٹانے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اگرہماری جائیداد کو 30دنوں کے اندر اندر خالی نہیں کیا گیا تو ہم عدالت کا دروزاہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہوجائیں گے۔