یو این آئی
حیدرآباد //تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن جو ریاست بھر میں اردو صحافیوں کی تربیت اور فلاح و بہبود میں گزشتہ چار سالوں سے مصروف رضا کارانہ تنظیم ہے نے ایک اور تاریخ رقم کرتے ہوئے 20ویں صدی کے آخر میں خدمات انجام دینے والے اردو کے سر کردہ ممتاز صحافیوں کے نام سے منسوب ایوارڈز کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے تا کہ ریاست میں اردو صحافت سے وابستہ سینئر صحافیوں کو اعزاز سے نوازتے ہوئے ان کی صحافتی خدمات کا اعتراف کیا جائے ۔ اردو ریاست کی دوسری سرکاری زبان ہے مگر اس کی عمل میں دفتری کاروائی کی رسمی پابندی حائل ہے ۔ اردو صحیفہ نگار نہ ہی شہر میں اور نہ ہی اضلاع میں حکومت کی اسکیمات سے مستفید ہور ہے ہیں ۔ ان حالات کو پیش نظررکھتے ہوئے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے ریاست کے قدیم سرکردہ صحافیوں انور ادیب۔ بانی ایڈیٹر کرنٹ نیوز سروس ،مسٹرتبسم فریدی۔ایڈیٹر نظام آبادٹائمز، اور مسٹر فیض محمد اصغر۔کالم نگار و ایڈیٹر تبارک نیوز سروس کے ناموں سے موسوم ایوارڈز کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے تا کہ ریاست تلنگانہ میں اردو صحافت سے وابستہ حضرات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوے انہیں ایوارڈز سے نوازا جائے اور اردو صحافت سے وابستہ ہونے والی نئی نسل کو ترغیب حاصل ہو۔مسٹرانور ادیب نے 1962 میں ہفتہ واری اخبار رفتارِ سیاست سے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز کیا اور 1969 میں کرنٹ نیوز سروس کا آغاز کیا۔ اس کے علاوہ انور ادیب تلگو روزنامہ آندھرا بھومی ، انگریزی روزنامہ دکن کرانیکل، اور روزنامہ سیاست سے وابستہ رہے ۔ مسٹرتبسم فریدی نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز روزنامہ رہنمائے دکن سے کیا اور اس سے 1984 تک وابستہ رہے بعد ازاں روزنامہ منصف میں اپنی خدنات انجام دیں، اور 1990 انہوں نے نظام آباد ٹائمز کا آغاز کیا۔مسٹرفیض محمد اصغر نے اپنی صحافتی خدمات کا آغاز 1991 میں نیوز ٹرسٹ آف انڈیا سے کیا جس کے بانی و ایڈیٹر مسٹرعارف الدین سلیم مرحوم تھے ۔ تقریباً 1997 سے روزنامہ سیاست میں کالم نگار رہے ۔ سال 2000 تبارک نیوز سروس کا آغاز کیا اور 2015 سے 2017 تک ریاستی حکومت کے ماہنامہ میگزین ترجمان کے معاون ایڈیٹر کی حیثیت سے وابستہ رہے ۔ انہیں ان خدمات کے لئے حکومت کی جانب سے کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا۔ مسٹرفیض محمد اصغر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے بانی رکن و مشیر تھے ۔ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن 18 مارچ پیر کو سنگاریڈی میں متحدہ ضلع میدک (سنگا ریڈی، سدی پیٹ، اور میدک) میں منعقد ہونے والے اردو صحیفہ نگاروں کے تربیتی اجتماع کے موقع پر ریاست کے تین منتخبہ سینئر اردو صحیفہ نگاروں کو ان ایوارڈز سے نوازا جائیگا جس کے ناموں کا اندرون تین یوم انتخاب کرتے ہوے اعلان کر دیا جائیگا۔ یہ ایوارڈز توصیف نامہ ، کیسہ زر اور ممنٹوز پر مشتمل ہونگے ۔یو این آئی۔