ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی، ایک مکان کو جزوی نقصان
مشتاق خالد چودھری
اوڑی شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سرحدی سب ڈویژن اُوڑی میں سرحد پار سے گولہ باری کا سلسلہ شروع ہے۔ اُوڑی کے کملکوٹ گاو¿ں میں اتوار کی رات سرحد پار سے گولہ باری کا سلسلہ شروع ہو ا۔ جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار افراد مینا بیگم ، ریاض احمد کھٹانہ، آصف احمد اور اشتیاق احمد زخمی ہو ئے۔ جن کو سب ضلع ہسپتال اُوڑی پہنچایا گیا۔ جن میں سے دو شدید زخمیوں کو ضلع ہسپتال بارہمولہ منتقل کیا گیا ہے۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں بتر جبڑا کملکوٹ کے محمد صدیق بھروال کے مکان کو جزوی نقصان ہوا ہے۔لازوال سے بات کرتے ہوئے لوگوں نے کہا کہ علاقے میں دہشت کا ماحول ہے اور لوگ اگر نقلِ مکانی کریں بھی تو کہاں جائیں۔ اس سلسلہ میں لوگوں نے مزید کہا کہ سرکار کو اُوڑی میں بھی محفوظ بنکر فراہم کرنے چاہئیں تاکہ قیمتی جانوں کے زیاں کو روکا جا سکے۔آخری اطلاع ملنے تک دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔