عام آدمی ہوں مگر پھر بھی میرے پاس پانچ ہزار کتابیں ہیں: گورنر ستیہ پال ملک
یواین آئی
جموںجموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ وہ کتب بینی کا بے حد شوق رکھتے ہیں۔ بقول ان کے ’میں تو ایک عام آدمی ہوں مگر پھر بھی میرے پاس لگ بھگ پانچ ہزار کتابیں ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ ’میں ہر ہفتے کوئی نہ کوئی نئی کتاب ضرور پڑھ لیتا ہوں‘۔ گورنر موصوف نے یہ باتیں اتوار کے روز یہاں گلاب بھون جموں میں سابق صدر ریاست اور سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ کی طرف سے بزرگ شہریوں کے لئے قائم کی گئی لائبریری کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہیں۔ انہوں نے کہا ’میں تو ایک عام آدمی ہوں مگر پھر بھی میرے پاس لگ بھگ پانچ ہزار کتابیں ہیں۔ ان میں سے ہندی کی کچھ کتابیں میں اس لائبریری کو عطیہ کروں گا۔ میں کتب بینی کا بے حد شوق رکھتا ہوں۔ ہر ہفتے کوئی نہ کوئی نئی کتاب ضرور پڑھ لیتا ہوں‘۔ گورنر نے کہا کہ علم کے حصول میں دلچسپی انسانوں کو بااختیار بناتی ہے۔ ان کا کہنا تھا ’مال و دولت کسی کو بااختیار نہیں بناتا۔ انسان کو اگر کوئی چیز بااختیار بناتی ہے تو وہ تعلیم اور علم کا حصول ہے۔ اگر آپ کے پاس علم ہیں تو سب آپ کی عزت کریں گے‘۔ گورنر ستیہ پال ملک نے ڈاکٹر کرن سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اب تک قریب 100 یونیورسٹیوں نے اپنے جلسہ تقسیم اسناد میں بلایا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’دیش میں تعلیم کے وزیر بہت لوگ بنے ہیں۔ لیکن مہاراج (ڈاکٹر کرن سنگھ) ایک ایسے آدمی ہیں جنہیں لگ بھگ 100 یونیوسٹیوں نے اپنے جلسہ تقسیم اسناد میں بلایا ہے۔ انہیں ان تقریبات میں ان کے علم کی وجہ سے بلایا گیا ہے‘۔ ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا کہ گلاب بھون میں قائم کی گئی لائبریری میں فی الحال پانچ ہزار کتابیں رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ’امر محلہ میں بہت کم لوگ آتے تھے۔ اس کے پیش نظر ہم نے یہاں لائبریری قائم کی اور قریب پانچ ہزار کتابیں وہاں سے یہاں منتقل کیں۔ یہ ایک پبلک لائبریری ہے۔ یہ بزرگ شہریوں کے لئے ہے۔ کوئی بھی آکر کتابیں پڑھ سکتا ہے۔ کتاب جتنی پڑھی جائے اتنا فائدہ ہے۔ صرف رکھنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے‘۔