اضافی سواریاں بھرنے کا سلسلہ تا ہنوز جاری،ٹریف حکام نوٹس لیں:عوام
لازوال ڈیسک
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے مختلف مقامات پر جانے والی گاڑیوں میں اضافی سواریاں بھرنے کا سلسلہ جاری ہے ٹریفک حکام کو اس معاملے میں سنجیدگی سے نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔اعلی سطح پر جہاں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور حادثات کو کم کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے جا تے ہیں لیکن ڈرائیور اپنی من مانی کرنے سے گریز نہیں کر رہے ہیں جس سے ہر وقت حادثات کا خدشہ لا حق رہتا ہے۔ ماضی کے دوران ریاست بھر میں اور خاص کر پہاڑی علاقوں میں حادثات کی وجہ سے کئی قیمتی انسانی جانوں کا زیاں ہوا ہے اور اس کی زیادہ تر وجہ ڈرائیوروں کی لاپرواہی رہی ہے چاہے اس میں موبائل فون کا استعمال ہو ،یا تیز رفتار یا پھر اضافی سواریاں بھرنے سے حادثات ہوتے رہے ہیں ، لیکن ان سب کے باوجود ڈرائیور محض چند پیسوں کی لالچ میں کئی قیمتی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔اس معاملے میں جب متعدد لوگوں سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ سرنکوٹ کے مختلف روٹوںپر جانے والی سومو گاڑیاں، اور ٹیمپو کے ڈرائیور بیشتر اوقات میں اضافی سواریاں بھرتے ہیں اور چند پیسوں کی لالچ میں لوگوں کی قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔لوگوں کا کہنا تھا کہ ایک ذمہ دار شہری کے طور پر ڈرائیوروں کو خود اوور لوڈنگ اور تیز رفتار سے اجتناب کرنا چاہیے چونکہ ہر جگہ ٹریفک اہلکاروں کا موجود ہونا ممکن نہیں ہے۔تاہم لوگوں نے مانگ کی کہ ٹریفک حکام کو بھی اس معاملے میں سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے۔