وزیراعظم نریندرمودی نے عہدے کاناجائز استعمال کیاہے :سرجے والا
یواین آئی
نئی دہلیکانگریس نے کہاہے کہ رافیل سودے میں تازہ انکشاف سے واضح ہوگیاہے کہ وزیراعظم نریندرمودی نے عہدے کاناجائز استعمال کیاہے اور دفاعی خرید کے سبھی ضابطوں کونظر انداز کرکے سرکاری خزانہ کوبھی نقصان پہنچایاہے اس لیے ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہئے ۔کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بدھ کے روز یہاں پارٹی کی معمول کی پریس بریفنگ میں کہاکہ رافیل خرید پر بات چیت کے لیے تشکیل آئی این ٹی کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ وزیراعظم دفتر اس سودے میں براہ راست طورپر اور غلط طریقہ سے شامل رہاہے اور اس نے ضابطوں کی خلاف ورزی کی ہے ۔مسٹر مودی کے کہنے پر قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے 12اور 13جنوری 2016کو رافیل جنگی جہازوں کی قیمت طے کی ،جبکہ وہ اس کے لیے بااختیار نہیں تھے ۔مسٹر سرجے والا نے کہاکہ مودی حکومت نے 36رافیل جنگی جہازوں کی قیمت 63ہزار 450کروڑ روپئے طے کی تھی ۔یہ شرح کانگریس کی قیادت والی حکومت کے وقت 126طیاروں کی شرح کے مقابلہ کافی زیادہ ہے ۔مسڑ مودی نے اس سودے میں ملک کو تو نقصان پہنچایاہی ساتھ ہی رافیل بنانے والی کمپنی داسو کی 4305کروڑ روپئے کی بینک گارنٹی ختم کرکے اسے براہ راست فائدہ پہنچایاہے ۔انھوں نے کہاکہ رافیل خرید سودے میں مسٹر مودی کے سبھی ضابطوں کو نظر انداز کرکے اور پوری طرح سے من مانی کرنے کی وجہ سے سرکاری خزانہ کو کافی نقصان ہواہے ۔اس نقصان کے مدنظر اب وقت آگیاہے کہ مسٹر مودی کے خلاف رافیل گھپلہ میں ایف آئی آر درج ہونی چاہئے اور معاملہ کی جانچ کی جانی چاہئے ۔یہ پوچھنے پر کہ کیا کانگریس مسٹر مودی کے خلاف ایف آئی آر درج کررہی ہے ،مسٹر سرجے والا نے کہا، “ تازہ انکشاف کا ابھی پہلا دن ہے ۔وزیراعظم اس معاملہ میں قصور وار ہیں اور انھیں عہدے کے وقار کو ذہن میں رکھتے ہوئے سبھی شواہد کے ساتھ سامنے آکر کہنا چاہئے کہ اس سودے سے انکی وجہ سے ملک کو کافی مالی نقصان ہواہے ۔وہ کہیں کہ اس پورے معاملہ کی جانچ کے لیے ایف آئی آر درج ہو۔” کانگریس ترجمان نے کہاکہ اس سودے میں کس طرح سے ضابطوں کی خلاف ورزی کرکے بدعنوانی ہوئی ہے اس کی ایک بڑی مثال یہ ہے کہ ملک کی وزارت خزانہ ،وزارت دفاع اور وزارت قانون نے کہاتھا کہ بینک گارنٹی ہونی چاہئے لیکن اسے ختم کیاگیا۔کمٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی )نے بھی کہاہے کہ حکومت نے داسو کمپنی کو تحفہ دیاہے اور سوال کیاہے کہ رافیل بنانے والی کمپنی کو یہ فائدہ کیوں پہنچایاگیاہے ۔انھوں نے کہاکہ مسٹر مودی نے بینک گارنٹی کا ضابطہ ختم کرکے نہ صرف رافیل بنانے والی فرانس کی کمپنی داسوکو ہزاروں کروڑ روپئے کا فائدہ پہنچایاہے بلکہ ملک میں دفاعی سودے کے تحت آنے والی تکنیک کو بھی آنے سے روکا ہے ۔انھوں نے 36جنگی جہازوں کا جو سودہ کیاہے اس میں رافیل بنانے کی تکنیک ہندستان کو دیے جانے کا ذکر نہیں ہے ۔