پاکستان نے امن کی طرف قدم بڑھایا:آصف غفور
یواین آئی
اسلام آبادپاکستان نے کہا ہے کہ ہندوستانی پائلٹ کو چھوڑ کر اس نے امن کا پیغام دیا ہے اور یہ اب ہندوستان پرمنحصر ہے کہ وہ امن کی طرف آتا ہے یا نہیں۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے امریکی نشریاتی ادارے کیبل نیوز نیٹ ورک (سی این این) کو انٹرویو دیتے ہوئے کا کہا کہ ہندوستانی پائلٹ کو چھوڑ کر امن کا پیغام دیا ہے اور یہ اب ہندوستان پرمنحصر ہے کہ وہ امن کی طرف آتا ہے یاخطے کوعدم استحکام کی طرف لے جانے کا ایجنڈا لے کرچلتا ہے ۔انہوں نے کہا ہندوستان کی جانب سے کشیدگی میں اضافے کا علاقائی امن پر اچھا اثر نہیں پڑے گا۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات کے باعث دونوں ممالک جنگ کے قریب پہنچ گئے تھے ، لیکن پاکستان کی جانب سے ہندوستانی پائلٹ کو واپس کرنے کے اقدام کی وجہ سے یہ خدشہ دور ہوا۔انہوں نے پاکستان میں کالعدم تنظیموں کے خلاف حالیہ کریک ڈاون سے متعلق سوال پر کہا کہ یہ اقدام ہماری داخلہ پالیسی کا حصہ ہے جو پہلے سے جاری ہے ، حالیہ اقدامات کسی دباو کا نتیجہ نہیں۔بالاکوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے حملے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہاں کسی قسم کا انفرااسٹرکچر موجود نہیں تھا، ہمیں وہاں سے کوئی لاش بلکہ ایک اینٹ تک نہیں ملی۔