مختار احمد
گاندر بل //سیاحتی مقام سونمرگ تک ٹریفک کی بحالی کو ممکن بنانے کے لئے بیکن نے گگنگیر سے شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے۔اطلاع کے مطابق موسم میں خوشگواریت کے ساتھ ہی بیکن نے گگن گیر سے شاہراہ کو آمد و رفت کے قابل بنانے کے لئے برف ہٹانے کے کام کا آغاز کیا ہے جس کے لئے بیکن نے مشینوں کے علاوہ مزدوروں کو بھی کام پر لگا دیا ہے۔اگرچہ گزشتہ سال سونمرگ کو سیلانیوں اور مقامی لوگوں کے لئے جنوری مہینے میں شاہراہ سے برف ہٹا کر کھول دیا گیا تاہم امسال بھاری برفباری کی وجہ سے شاہراہ کو تقریباً دو مہینے تاخیر سے کھولا جا رہا ہے۔مقامی لوگوں خاص کر تجارت سے وابستہ افراد نے بیکن کی طرف سے برف ہٹانے کے کام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا اس کام کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ سونمرگ میں قائم ہوٹل اور دوکانوں کو کھول کر اپنا کاروبار شروع کریں اور ریاستی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ زڈ موڑ ٹنل رکا پڑا کام دوبارہ شروع کیا جا تاکہ سونمرگ کو سال بھر سیلانیوں کے لئے کھلا رکھا جائے۔