یواین آئی
نئی دہلی؍؍فضائیہ نے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، مقامی انتظامیہ اور فوج کے ساتھ مل کر جھارکھنڈ کے دیوگھر ضلع کے تری کٹ پروت میں روپ وے حادثے کی وجہ سے پھنسے ہوئے 35 لوگوں کو محفوظ نکال لیا ہے اور اپنا بچاؤ آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ائر فورس نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے ریسکیو آپریشن کے لیے دو ایم آئی-17 وی 5، ایک ایم ا?ئی-17، اور ایک جدید ہلکا ہیلی کاپٹر اور ایک چیتا ہیلی کاپٹر تعینات کیا ہے۔ ان ہیلی کاپٹروں نے پیر سے آج تک 26 گھنٹے پرواز کی۔فضائیہ نے ان ہیلی کاپٹروں کے ساتھ پانچ گروڈ کمانڈوز بھی بھیجے تھے جنہوں نے روپ وے کی ٹرالیوں میں پھنسے لوگوں کو بچانے کا مشکل کام کیا۔ گروڈ کمانڈوز خود چھوٹے بچوں کو ہیلی کاپٹر میں اپنے ساتھ لے گئے۔فضائیہ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کی بہترین کوششوں کے باوجود اس واقعہ میں دو لوگوں کی موت ہوگئی جس پر انہیں دکھ ہے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ فضائیہ ملک کے عوام کے مشکلات دور کرنے اور انہیں راحت پہنچانے کے لیے ہمیشہ پرعزم ہے۔