عوام سڑک کیلئے پریشان،دیگر بنیادی سہولیات کا بھی فقدان
وسیم حیدری
منڈی//ضلع پونچھ تحصیل منڈی کا علاقہ چھمبر کناری جو 2200 سے زائد نفوس پر مشتمل ہے آج بھی اس ترقی یافتہ دور میں متعدد بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور ان تمام سہولیات میں بنیادی حیثیت رکھنے والی سہولت سڑک نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو کئی میل پیدل تو چلنا ہی پڑتا ہے مگر اس دشواری میں اس وقت مزید اضافہ ہوتا ہے جب اس علاقہ سے مریز کو سڑک تک پہنچانے کے لئے انہیں قدیم زمانے کی طرح شدید برف میں کاندھوں پر اٹھا کر کئی کلو میٹر کا سفر کرنا پڑتا ہے اور اسی سب کو مد نظر رکھتے ہوئے اس علاقہ کی عوام نے ریاستی انتظامیہ سے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا یہ لوگ بھی ترقی یافتہ دور کا حصہ ہیں یا انہیں ترقی سے ہمکنار ہونے کا حق نہیں – اگر سڑک کے حوالے سے بات کی جائے تو مقامی لوگوں کے مطابق دو مرتبہ اس سڑک کا پروجیکٹ منظور ہوا تھا مگر اسے کسی وجہ سے بدل کر کام کسی اور جگہ سر انجام دیا گیا اور اب چند میٹر سڑک نکالی تو گئی ہے لیکن کچھ تنازعات کی وجہ سے سڑک کا کام رکا پڑا ہے – 4 مارچ 2019 کو ایک مریض کو واپس چھمبر کناری تک پہنچانے کے لئے قریباً 9 افراد کو نہایت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد مریض کو کاندھوں پر اٹھا کر سڑک سے قریباً تین چار گھنٹے کا پیدل سفر کر کے اسے گھر تو پہنچایا گیا لیکن اسے گھر پہنچانے میں کچھ تندرست افراد مریض ہو گئے – ایسے میں عوام نے ریاستی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان لوگوں اور ان کے بچوں کے مستقبل کے بارے میں غور و فکر کیا جائے جو اس علاقہ سے شہروں میں پڑھ رہے بچوں کا مقابلہ و مسابقت کرتے ہیں – سوشل میڈیا پہ چھمبر کناری کے لوگوں نے ایک ویڈیو ڈال کر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ ہندوستان کے باشندے ہیں مگر تمام حکومتوں نے ان سے بالکل سوتیلا سلوک کیا ہے اور آج تک ان کے علاقہ تک سڑک نہیں پہنچائی گئی – ان کا کہنا تھا کہ دیگر سہولیات تو ایک طرف کم سے کم وہ بنیادی سہولیات جو عام شہری کا حق ہے وہ تو انہیں فراہم کی جانی چاہیے مگر سب سہولیات کا فقدان ہے – اس حوالے سے جب نو منتخب نوجوان سرپنچ چھمبر کناری الطاف احمد سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ آزادی کے اتنے سال گزر جانے کے باوجود بھی یہاں کی عوام ان سہولیات سے محروم ہے جو ایک آزاد اور ترقی یافتہ ملک کے باشندے کا حق ہے – ان کا کہنا تھا کہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے ہمیشہ یہاں کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس مشکل میں مزید اضافہ سردی کے دوران ہوتا ہے جب برف باری کی وجہ سے عام لوگ بھی اپنے گھروں تک زندگی کو خطرے میں ڈال کر پہنچتے ہیں – ان کے مطابق چھمبر کناری گاو¿ں میں سڑک کے علاوہ چلنے کے لئے راستوں کا بھی حال خراب ہے اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی شدید فقدان ہے – انہوں نے ریاستی و ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس گاو¿ں کی طرف توجہ دی جائے اور لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔