مصیب مشتاق
سری نگروسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ اور وترہیل کے لوگوں نے ہفتہ کے روز ڈگری کالجوں کے مطالبے کو لےکر احتجاجی مظاہرے کئے۔یواین آئی کو موصولہ تفصیلات کے مطابق وسطی ضلع بڈگام کے چاڑورہ میں ہفتہ کے روز ڈگری کالج کو کسی دوسرے علاقے کو دینے کے خلاف مکمل ہڑتال رہی اور لوگوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے جس کے باعث سری نگر، چرار شریف روڑ پر ٹریفک کی نقل وحمل بند رہی۔چاڑورہ اور ملحقہ علاقوں میں دکان ودیگر تجارتی سرگرمیاں بند رہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل بند رہی۔مقامی لوگوں نے کہا کہ جو ڈگری کالج ان کے علاقے کے لئے منظور کیا گیا تھا، کو کسی دوسرے علاقے کو دیا گیا ہے۔احتجاجیوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے علاقے کو ڈگری کالج نہیں دیا گیا تو وہ احتجاج کو مزید سنگین کریں گے۔دریں اثنا وترہیل بڈگام کے لوگوں کی ایک اچھی خاصی تعداد ہفتہ کی صبح سری نگر میں واقع پریس کالونی میں جمع ہوئی اور علاقے میں کالج کی عدم موجودگی کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاجیوں نے انتظامیہ مخالف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ ان کے علاقے میں ایک کالج کا ہونا ضروری ہے تاکہ شرح خواندگی بڑھ سکے۔ایک احتجاجی نے کہا کہ انتظامیہ نے سال 2014 میں ہمارے علاقے میں ایک ڈگری کالج قائم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک اس اعلان کو عمل میں نہیں لایا گیا۔