پونچھ//سلوتری میں ایک ہی گھر کے تین افراد کی نماز جنازہ کے موقعہ پر خصوصی خطاب
سید نیاز شاہ
پونچھ //گذشتہ شب سلوتری پونچھ میں پاکستانی گولہ باری سے ایک ہی گھر کے تین افراد کی نماز جنازہ آج ان کے آبائی گاوں سلوتری میں ادا کی گئی جہاں نماز جنازہ سے پہلے عوام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنت پونچھ کے جنرل سیکریٹری و معروف اسلامی اسکالر مولانا بشارت حسین ثقافی بانی و سربراہ جامعہ معین السنہ ڈینگلہ پونچھ نے دونوں ملکوں کے سربراہان سے اپیل کی کہ سرحدوں پر امن کی فضا قائم کی جائے کیونکہ سرحدی گولہ باری سے نہتے اور غریب لوگوں کی جان ومال کے نقصان کے سوا کچھ حاصل ہونے والا نہیں ۔اس موقع پر موصوف نے ضلع انتظامیہ کی عدم موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کے ذمہ داران کو بذات خود یہاں پہنچ کر اس مظلوم کنبہ کے ساتھ اظہار محبت و یکجہتی کرنی چاہئے، مولانا نے ضلع ریاستی انتظامیہ سے مہلوک شدگان کے لواحقین کے حق میں بھر پور امداد کا بھی مطالبہ کیا۔ مولانا ثقافی نے موقعہ پر پہنچ کر مہلوکین کے گھر والوں کو صبر کی تلقین کی اور ان کے غم میں شریک ہوئے بعد ازاں مولانا موصوف نے مہلوکہ عورت کی نماز جنازہ بھی پڑھائی جبکہ مہلوک بچوں کی نماز جنازہ کے فرائض مولانا عبدالرزاق نعیمی نے انجام دئے۔نماز جنازہ میں علاقہ و اطراف لی کثیر عوام نے شرکت کی۔نماز کے بعد مہلوک بچوں کے والد مولوی محمد یونس کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔