سرحدی علاقہ جات کی سنگین صورتحال پر مرتضیٰ خان کا اظہار تشویش

0
0

کہا عوام کا بڑے پیمانے پرجانی اور مالی نقصان ہوا ہے
لازوال ڈیسک
مینڈھر//پونچھ کے سرحدی علاقہ جات کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے سینئر رہنما و سابق ممبر قانون سازیہ مرتضیٰ خان نے کہاکہ پچھلے ایک ہفتے کی شدید گولہ باری کے نتیجہ میں چار قیمتی جانوں کا اتلاف ہواہے جبکہ لوگوں کی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاہے ۔ اپنے ایک پریس بیان میں مرتضیٰ خان نے کہاکہ بالاکوٹ ،مینڈھر، منکوٹ اور کرشنا گھاٹی سیکٹروں میں دیہی آبادیوں پر بے دریغ اور شدید گولہ باری سے لوگ انتہائی خوف و حراس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ غیر محفوظ اور شکستہ مکانات میں پناہ گزین ہونے کے باعث عوام پل پل زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ ان کاکہناتھاکہ ضلعی انتظامیہ انتہائی بے حسی اور بے چارگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور کوئی ایسا ٹھوس عملی اقدام اس وقت تک نہ اٹھاسکی ہے جس کے باعث سرحدی علاقوں میں آباد عوام کو کسی طرح کی راحت میسر آسکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کم و بیش دو دہائیوں سے سرحدی علاقہ جات کے عوام کا پرزور مطالبہ رہاہے کہ مشکل کی گھڑی میں پناہ کیلئے انہیں بنکرزتعمیر کرنے کیلئے فنڈز فراہم کئے جائیں تاہم انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ ریاستی حکومت نے اس ضمن میں امتیازی بنیادوں پر علاقہ جات کا انتخاب کیا اور پونچھ ضلع میں بنکرز کا کام ٹھیکیداروں کے ذریعہ سے اور معمولی پیمانے پر شروع تو کروایاگیا لیکن کہیں پہ کوئی بنکرپایہ تکمیل تک نہ پہنچا۔ان کاکہناتھاکہ طبی امداد کا کہیں کوئی موثر اور کارگر نظام موجود نہ ہونے کے باعث عوام مشکلات کاشکار ہیں جبکہ دیہاڑی مزدور جو روز مرہ کی بنیادوں پر اپنے کنبہ جات کی کفالت کیلئے روزی روٹی مہیا کرتے ہیں،کئی روز سے فائرنگ کے خوف سے محبوس ہونے کی وجہ سے اپنے اہل خانہ کی فاقہ کشی کاتماشادیکھنے پر مجبور ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے انہیں کوئی امداد میسر نہ ہے ۔ ان کاکہناہے کہ شلنگ کے باعث تباہ بجلی و پانی کے ترسیلی نظام کی بحالی کے اقدامات کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ ضلعی انتظامیہ موقعہ پر جاکر عملی اقدامات اٹھانے کے بجائے سوشل میڈیا کے ذریعہ سے عوام کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کررہی ہے ۔دریں اثناءمرتضیٰ خان نے گورنر کے دفتر میں ایک میمورنڈم پیش کرکے مطالبہ کیاکہ ضلعی انتظامیہ فی الفور لوگوںکی فوری مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جبکہ بنکرز کی تعمیر کیلئے ایک جامع پالیسی ترتیب دی جائے تاکہ دیگر علاقہ جات کی طرح پونچھ ضلع میں بھی حد متارکہ پر آباد ہرکنبہ کو تحفظ گاہ مل سکے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا