پونچھ کے جھلاس میںدومعصوموں سمیت ماں سپرد خاک
سید نیاز شاہ
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں گزشتہ رات کے گیارہ بجے اس وقت ایک دلدوز واقعہ پیش آیا جب پاکستانی افواج کی جانب سے کی جانے والی گولہ باری کا شکار ہو کر ایک ہی خاندان کے تین چشم و چراغ لقمہ اجل بن گئے ۔واضح رہے کہ جب سے سرحدوں پر تناو¿ بنا ہے اسی دن سے پونچھ ضلع کے مختلف علاقوں میں ہر روز فائرنگ کے واقعات پیش آرہے ہیںاور گزشتہ رات کو اس وقت ایک خاندان پر اس وقت قیامت صغریٰ بپا ہو گئی جب والدہ سمیت دومعصوم پاکستانی گولہ باری کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن گئے۔اس سانحہ میں پڑوسی ملک کی گولہ باری کا شکارروبینہ کوثر ،شبنم کوثر عمر 08 سال اور فیضان احمد عمر 06 سال بنے ۔اسی سلسلہ میں شبنم اور فیضان کی دادی کہنا ہے کہ جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے نہ ہی دلی اور اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کو اس فائرنگ سے کوئی فرق پڑتا ہے اوراگر کسی کو پریشانی ہوتی ہے تو وہ سرحدی علاقے کے وہ غریب عوام ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں۔